رنبیر کپور کا ہمشکل دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگیا

بھارتی فلم اسٹار رنبیر کپور کا ہمشکل جنید شاہ سری نگر میں دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگیا۔

بھارتی میڈیا کی ایک رپورٹ کے مطابق 28 سالہ جنیدشاہ مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگر کا رہائشی تھا اور وہ رنبیر کپور سے مماثلت رکھنے کی وجہ سے کافی مشہور بھی تھا۔

رنبیر کپور کے ہمشکل کے انتقال کی خبر کی اطلاع مقبوضہ کشمیر کے سینئر صحافی یوسف جمیل نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر دی، اُنہوں نے جنید شاہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’میرے پُرانے پڑوسی نثار احمد شاہ کے بیٹے جنید شاہ دل کا دورہ پڑنے کی وجہ سے انتقال کرگئے ہیں
اُنہوں نے کہا کہ ’جنید شاہ بھارتی اداکار رنبیر کپور سے کافی مماثلت رکھتے تھے اور یہی وجہ تھی کہ اُنہیں کافی شہرت بھی ملی۔‘

صحافی نے کہا کہ ’جنید شاہ ناصرف اپنے والدین کے لیے ایک اُمید تھا بلکہ پورے مقبوضہ کشمیر کے لیے بھی اُمید اور بڑی طاقت تھا۔‘

سینئر صحافی یوسف جمیل نے اپنے اگلے ٹوئٹ میں بتایا کہ ’جنید شاہ اور اُس کے والدین ایک ماہ قبل ہی ممبئی سے اپنے آبائی شہر سری نگر واپس آئے تھے
اُنہوں نے بتایا کہ ’جنید شاہ ممبئی میں ماڈلنگ اور دیگر مختلف پراجیکٹس بھی کر رہے تھے اِس کے علاوہ وہ انوپم کھیر کے ’اسکول آف ایکٹنگ‘ سے بھی وابستہ تھے۔‘

واضح رہے کہ ماضی میں رشی کپور نے بھی اپنے بیٹے رنبیر کپور کے ہمشکل جنید شاہ کی تصویر ٹوئٹر پر شیئر کی تھی
رشی کپور نے حیرت زدہ انداز میں کہا تھا کہ ’میں اپنے بیٹے کا ہمشکل دیکھنے کے بعد یقین سے کہہ سکتا ہوں کہ کوئی بھی اِن دونوں میں واضح فرق نہیں کرسکتا