سوشانت نے آخری فلم اسکرپٹ پڑھے بغیر سائن کی

خودکشی کرکے اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے والے بالی ووڈ کے نوجوان اداکار سوشانت سنگھ کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کے ہدایت کار مکیش چھابڑا نے انکشاف کیا ہے کہ سوشانت نے یہ فلم اسکرپٹ پڑھے بغیر سائن کی تھی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق فلم ’دل بیچارہ‘ کے ڈائریکٹر مکیش چھابڑا نے اپنے ایک انٹرویو میں بتایا کہ جب میں نے اس فلم کے حوالے سے سوشانت سے رابطہ کیا تو اس نے بغیر اسکرپٹ پڑھے ہی فلم کے لیے ہاں کہہ دی۔

اس کی وجہ بتاتے ہوئے مکیش چھابڑا نے کہا کہ سوشانت نے مجھ سے وعدہ کیا تھا کہ میں جب بھی اپنی پہلی فلم بناؤں گا، وہ اس میں اہم کردار ادا کریں گے۔ سوشانت نے اپنا وعدہ نبھایا اور اسکرپٹ پڑھے بغیر ہی فلم سائن کردی
انہوں نے مزید کہا کہ میرے اور سوشانت کے درمیان ہمیشہ سے ایک جذباتی رشتہ رہا ہے۔

مکیش چھابڑا نے فلم ’دل بیچارہ‘ کی شوٹنگ کے دنوں کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ فلم کی شوٹنگ کے دوران سوشانت ہر وقت میرے ساتھ رہے اور کس سین کو کیسے شوٹ کرنا ہے، اُس میں بھی انہوں نے مشورے دیے۔ وہ ہمیشہ سین کو بہتر بنانے میں میری مدد کرتے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق آج سے سات سال قبل مکیش چھابڑا مختلف پروگراموں اور فلموں کے کاسٹنگ ڈائریکٹر تھے، پہلی بار انہوں نے ہی سوشانت سنگھ راجپوت کو کاسٹ کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

اُس وقت مکیش چھابڑا نے تقریباً 800 لوگوں کا آڈیشن لینے کے بعد سوشانت سنگھ راجپوت کی قابلیت کو دیکھتے ہوئے انہیں موقع دیا تھا۔ یہ کاسٹنگ آڈیشن رونی سکریو والا کی فلم ’کائی پوچھے‘ کے لیے کیا گیا تھاجو سوشانت کی پہلی فلم تھی
یہ فلم 2013 میں ریلیز ہوئی تھی، تیس کروڑ کی لاگت سے بننے والی اس فلم نے باکس آفس پر نوے کروڑ کا بزنس کیا تھا۔

واضح رہے کہ کچھ روز قبل سوشانت کی آخری فلم ’دل بیچارہ‘ کا ٹریلر ریلیز کیا گیا تھا، یہ فلم ہالی ووڈ فلم ’دی فالٹ ان آر اسٹار‘ کا ہندی ریمیک ہے، اس فلم میں سوشانت کے ہمراہ سنجنا سانگھی مرکزی کردار ادا کررہی ہیں، سنجنا نے اس فلم کے ساتھ بالی ووڈ میں اپنا ڈیبیو کیا ہے۔

فلم ’دل بیچارہ‘ پہلے مئی میں ریلیز ہونے جا رہی تھی لیکن کورونا وائرس کے باعث ایسا نہ ہو سکا، تاہم اب یہ فلم 24 جولائی کو ڈزنی پلس اور ہاٹ اسٹارز پر ریلیز ہونے جا رہی ہے، جس کا سوشانت سنگھ کے مداح بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں