قومی ہاکی ٹیم کے 30 کھلاڑیوں کو وباء الاؤنس دے دیا گیا

پاکستان ہاکی فیڈریشن (پی ایچ ایف) نے قومی سینئر اور جونیئر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کو وباء الاؤنس دے دیا۔ 30 کھلاڑیوں کو فی کس 30 ہزار روپے دیے گئے۔

کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں گزشتہ چار ماہ سے کھیلوں کی سرگرمیاں معطل ہیں، کھلاڑیوں کو مالی معاونت فراہم کرنے کے لیے پی ایچ ایف نے کورونا الاؤنس دینے کا اعلان کیا۔

کورونا فنڈ سینئر اور جونیئر ٹیموں کے بہترین کھلاڑیوں کو دیا گیا، کوچز سے مشاورت کے بعد کووڈ الاؤنس حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں قومی اسکواڈ اور جونیئر ٹیم کے مجموعی طور پر 30 کھلاڑی شامل ہیں
پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سیکریٹری آصف باجوہ نے بتایا کہ کھلاڑیوں کے بینک اکاؤنٹس میں براہ راست 30، 30 ہزار روپے منتقل کیے گئے ہیں۔

اُن کا کہنا تھا کہ مشکل گھڑی میں فیڈریشن کھلاڑیوں کے ساتھ ہے اور وہ اُن کی فلاح و بہبود کے لئے اقدامات اٹھاتی رہے گی