حکومت سندھ کو شادی ہال مالکان کی تکالیف کا احساس ہے، وفاق کی جانب سے دی جانی والی گائیڈ لائن کے تحت فیصلہ کریں گے، ناصر حسین شاہ

وزیر اطلاعات و بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ حکومت سندھ کو شادی ہال مالکان کی تکالیف کا پوری طرح اندازہ ہے، ملک کے موجودہ حالات میں تمام شعبہ جات بری طرح متاثر ہوئے ہیں، تاہم انسانی زندگیوں پر کسی بھی صورت سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ ان خیالات کا اظہار ناصر حسین شاہ نے کمشنر ہاوس کراچی میں شادی ہال مالکان سے ملاقات کے دوران کیا جس میں کمشنر کراچی، افتخار شلوانی، سیکرٹری اطلاعات سندھ اسلم غوری اور شادی ہال مالکان تنظیموں کے نمائندگان موجود تھے۔ شادی ہال مالکان نے وزیر بلدیات سندھ سے اپنے تحفظات و موجودہ کارونا کرائسز میں کاروبار کی بندش کے حوالے سے اظہار خیال کیا۔ ناصر حسین شاہ کا شرکا میٹنگ سے کہنا تھا کہ حکومت سندھ کو موجودہ کاروباری اور معاشی صورت حال کا پوری طرح ادارک اور اندازہ ہے، کارونا کی وبا نے جہاں عالمی سطح پر معاشی بدامنی کے حالات پیدا کئے ہیں وہیں ملک میں لوگوں کی بڑی تعداد کو بیروزگار بھی کردیا ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کارونا کرائسز کے معاملے پر جو پالیسی وضع کی گئی ہے، حکومت سندھ اس پر عمل کرنے کی پابند ہے تاہم شادی ہال مالکان سمیت تمام کاروباری طبقے کی تکالیف کا سندھ حکومت کو پوری طرح ادراک ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ کی ہدایت پر تاجر برادری کے لئے خصوصی ریلیف اقدامات کئے جارہے ہیں، تاہم انسانی جانوں پر کوئی رسک نہیں لے سکتے۔ ناصر حسین شاہ نے کہا کہ فی الوقت تمام اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت کا عمل جاری ہے اور جب تک عدالت عالیہ یا وفاقی حکومت کی جانب سے کوئی واضع احکامات نہیں آتے، معاملات کو نہایت ثابت قدمی کے ساتھ لیکر چلنے کی ضرورت ہے۔ حکومت سندھ ہمیشہ اپنے عوام اور کاروباری برادری کے ساتھ کھڑی ہے اور انشاللہ اس وبا کو جلد ملکر شکست دیں گے۔

محمد شبیہ صدیقی
ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ و تعلقات عامہ.
وزیر اطلاعات، بلدیات، جنگلات سندھ
0300-2294020