خراب موسم کے سبب امارات کا مریخ پر بھیجے جانے والا مشن ملتوی

متحدہ عرب امارات نے خراب موسمی صورتحال کے سبب مریخ پر بھیجے جانے والے اپنے مشن کو ملتوی کر دیا ہے۔

مشن ’ال امل‘ یعنی ’امید‘ آج رات سیارہ مریخ کیلئے روانہ ہونا تھا، تاہم منسوخی کے بعد متحدہ عرب امارات کی جانب سے مریخ مشن کے روانہ ہونے کی کوئی نئی تاریخ ابھی نہیں بتائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ مشن ’ال امل‘ جاپان کے خلائی مرکز سے رات 12 بج کر 51منٹ پر روانہ کیا جانا تھا اور اس نے روانگی کے ایک گھنٹے بعد راکٹ سے الگ ہو جانا تھا ،اس 1350 کلو وزنی مشن کا سائز اسپورٹس گاڑی جتنا ہے۔امارات کا یہ غیر انسانی مشن 49 کروڑ 30 لاکھ کلومیٹر کا فاصلہ طے کرکے 7 ماہ میں سرخ سیارے پر پہنچے گا لیکن وہاں اترنے کے بجائے مدار میں مریخ کے ایک سال یعنی 687روز تک گردش کرے گا۔

مدار میں اس کی اوسط رفتار 1 لاکھ 21 ہزار کلو میٹر فی گھنٹہ ہو گی اور یہ 55 گھنٹے میں مدار کے گرد اپنا ایک چکر مکمل کرے گا ۔

واضح رہے کہ یہ مریخ پر کسی عرب ملک کی جانب سے بھیجا جانے والا پہلا مشن ہوگا، رواں برس چین اور امریکا بھی مریخ کے لیے اپنا مشن بھیجنے کا ارادہ رکھتے ہیں

Courtesy jang urdu