بچن فیملی کے بعد انوپم کھیر کے اہل خانہ بھی کورونا کا شکار

بالی ووڈ کے سینئر اداکار انوپم کھیر کی والدہ، بھائی، بھابی اور بھتیجی عالمی وبا کورنا کا شکار ہوگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار نے اپنے ایک یوڈیو پیغام میں بتایا کہ اُن کی والدہ کورونا کا شکار ہوگئیں ہیں جس کے بعد انہیں ممبئی کے کوکیلابین اسپتال کے کورونا وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیملی کے دیگر افراد کے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کے باوجود بھائی، بھائی اور بھتیجی کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے۔

اداکار نے ویڈیو پیغام میں بتایا کہ اُن کا بھی کورونا ٹیسٹ کرایا گیا ہے، جس کی رپورٹ منفی آئی ہے۔

02 منٹ اور 20 سیکنڈ پر مشتمل ویڈیو پیغام میں اداکار نے نیک خواہشات کا اظہار کرنے والے پرستاروں کا شکریہ ادا کیا، انہوں نے کہا کہ لاتعداد میسجز کا علیحدہ علیحدہ جواب نہیں دے سکتے تاہم اس ویڈیو میں سب کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ گھر کے جب چار لوگ یوں عالمی وبا کا شکار ہوں تو گھبراہٹ اور مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں، تو ایسے میں مداحوں کے پیار سے بہت ڈھارس بندھا۔

انہوں نے کہا کہ وہ پُرامید ہیں کہ ڈاکٹروں کی اچھی دیکھ بھال کی وجہ سے والدہ اور فیملی کے دیگر لوگ جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔

اداکار نے اپنے پیغام میں یہ بھی کہا کہ سماجی دوری اور احتیاط برتیے محض ایک لفظ نہیں بلکہ ایک حقیقت ہے جسے سنجیدہ لینا بے حد ضروری ہے
واضح رہے کہ اس وقت بچن خاندان کے چار لوگ عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جن میں امیتابھ بچن، ابھیشیک بچن، ایشوریا رائے بچن اور ارادھیا بچن شامل ہیں جبکہ جیا بچن کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا ہے