شمالی لاہور میں دبئی طرز کا نیا شہر بسانے کی منظوری، اتھارٹی کیلئے آرڈیننس جاری ہوگا وزیراعلیٰ چیئرمین ہونگے

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے لاہور کے شمال میں دبئی کی طرز پر جدید ترین شہر بسانے کے لئے ریور راوی فرنٹ اتھارٹی کے قیام کی منظوری دے دی۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت اتھارٹی کے قیام کیلئے آرڈیننس جاری کرے گی اوروزیراعلیٰ اتھارٹی کے چیئرمین ہوں گے ۔ ریورراوی فرنٹ اتھارٹی لاہور کے شمال میں نیا شہر بسانے کیلئے کام کرے گی۔نیا شہر دبئی کی طرز پر بسایا جائے گا جو ایک لاکھ ایکڑ سے زائدرقبے پر محیط ہوگا۔نجی شعبے کی طرف سے اس منصوبے میں پانچ ہزار ارب ر وپے کی سرمایہ کاری متوقع ہے ۔نئے شہر میں ہائی رائز بلڈنگز بنائی جائیں گی۔نیا شہر بسنے سے لاہور شہر میں ماحولیات،پانی اورٹریفک کے مسائل پر قابو پا یا جاسکے گا۔ نئے شہر میں ایک بڑی جھیل بھی بنائی جائے گی اورتین بیراج بھی بنیں گے ۔وزیراعلیٰ پنجاب نے جنوبی پنجاب کے پانچ اضلاع میں بنجر زمین کو سیراب کرنے کے گیم چینجر پراجیکٹ گریٹر تھل کینال کوشروع کرنے کا حکم دے دیا۔ گریٹر تھل کینال اورآبپاشی امور سے متعلق خصوصی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب میں کینال سسٹم کی بحالی پر کام تیز کیا جائے ۔آبپاشی کے نظام کو بہتر بنا کر زرعی پیداوار میں اضافہ کیا جا سکتا ہے ۔گریٹر تھل کینال کیلئے اراضی کے حصول کی قانونی کارروائی ترجیحاً مکمل کی جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ اراضی کے حصول کیلئے متعلقہ کمشنرفوری طورپر سروے مکمل کرائیں۔گریٹر تھل کینال کیلئے میرٹ پراراضی کے نرخ کاتعین کیا جائے ۔ اراضی مالکان کو شفاف طریقے سے اراضی کی قیمت ادا کی جائے ۔اراضی کے نرخ کی ادائیگی کیلئے ون ونڈو آپریشن شروع کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ گریٹر تھل کینال لیہ،بھکر،جھنگ،مظفر گڑھ اورخوشاب کے اضلاع میں خوشحالی لائے گی۔لاکھوں ایکڑ اراضی سیراب ہوگی اورقومی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔گریٹر تھل کینال کیلئے ایشین ڈویلپمنٹ بینک 150ملین ڈالر مالی معاونت فراہم کرے گا۔ عثمان بزدار نے آبادی کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بڑھتی آبادی کے ساتھ تیزی سے بڑھتے مسائل انسانی بقا ء کے لئے خطرہ ہیں ۔ آبادی میں بے ہنگم اضافہ صحت، تعلیم اور روزگارکے مسائل پیدا کرتا ہے ۔ یہ دن آبادی اور وسائل میں توازن کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے ۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ رواں برس آبادی کے عالمی دن کا موضوع \”کورونا کی وبا میں خواتین کی صحت کا تحفظ\” ہے ۔ کورونا کے باعث پاکستان سمیت پوری دنیا کو غیر معمولی حالات کا سامنا ہے ۔ ماں اور بچے کا تحفظ ہماری حکومت کی ترجیح ہے ۔ غیرمعمولی صورتحال میں بھی خواتین کو معیاری علاج معالجے کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کئے ہیں

Courtesy Duniya News