سنتھیا یقیناً کسی ایجنڈے پر آئی ہے: لطیف کھوسہ

سابق گورنر پنجاب، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور وکیل لطیف کھوسہ کا کہنا ہے کہ سنتھیا ڈی رچی جیسے آئی ہے، یقیناً کسی ایجنڈے پر آئی ہے۔

امریکی شہری سنتھیا ڈی رچی کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کرنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما افتخار احمد کے وکیل لطیف کھوسہ عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگوکر رہے تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب اس کیس کو لمبا کرنے سے کیا بنے گا، توقع کرتے ہیں کہ کیس پر فیصلہ قانون کے مطابق ہو گا۔

پیپلز پارٹی کے وکیل و رہنما لطیف کھوسہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزارتِ داخلہ، حکومت اور سیکریٹری داخلہ کی کمزوری ہے یا وہ ساتھ ملے ہوئے ہیں۔اس سے قبل کیس کی سماعت کے دوران اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزارتِ داخلہ کو امریکی خاتون سنتھیا ڈی رچی کے خلاف درخواست کا فیصلہ کرنے کی ہدایت کر دی۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللّٰہ نے پیپلز پارٹی کے رہنما افتخار احمد کی درخواست پر کیس کی سماعت کرتے ہوئے فریقین کو بدھ کے دن 1 بجے وزارتِ داخلہ میں پیش ہو کر بیان دینے کی ہدایت کی۔

سماعت کے موقع پر سنتھیا ڈی رچی اپنے وکیل کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ہدایت کی کہ وزارتِ داخلہ 15 جولائی تک اس معاملے کا فیصلہ کر کے عدالت کو آگاہ کرے۔

دورانِ سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل سید محمد طیب شاہ نے وفاق کی طرف سے عبوری رپورٹ جمع کرا دی

Courtesy Jang Urdu