کے الیکٹرک کے خلاف، ایم کیو ایم کا اسلام آباد، جماعت اسلامی کا کراچی میں دھرنے کا اعلان

رکن قومی اسمبلی اور وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی امین الحق کا کہنا تھا کہ ’کے الیکٹرک مافیا بنتا جارہا ہے، ایک ادارے نے ریاست کے اندر ریاست بنا لی ہے‘۔

اُن کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان منگل کو اسلام آباد میں پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر دھرنا دے گی

دوسری جانب جماعت اسلامی نے کل کراچی کے 100 مقامات پر احتجاج جبکہ ہفتے کو شارع فیصل پر کے الیکٹرک کے خلاف دھرنا دینے کا اعلان کردیا۔

جماعت اسلامی کراچی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے شارع فیصل پر دھرنے میں تمام جماعتوں اور شہریوں کو شرکت کرنے کی دعوت دی۔ اُن کا کہنا تھا کہ اگر دھرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی گئی تو شہر کے حالات کی ذمہ دار سندھ حکومت خود ہوگی۔

قبل ازیں گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کی جس میں کے الیکٹرک کے معاملات پر گفتگو کی گئی