سانحہ کرائسٹ چرچ، حملہ آور کیخلاف کارروائی کا آغاز 24 اگست سے ہو گا

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق نیوزی لینڈ کے علاقے کرائسٹ چرچ کی دو مساجد میں اندھا دھند فائرنگ کر کے 51 نمازیوں کو شہید کرنے والے شخص کی سزا سے متعلق سماعت 24 اگست کو شروع ہو گی۔ جس میں متاثرہ خاندان کے افراد بھی شریک ہوں گے۔

پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ اگر لواحقین کورونا کی وجہ سے 24 اگست تک نیوزی لینڈ نہ پہنچ سکے تو مجرم کی حتمی کارروائی کے وقت ویڈیو کانفرنس کے ذریعے لواحقین کی موجودگی کو یقینی بنایا جائے گا۔

نیوزی لینڈ کی عدالت کے جج کا کہنا تھا کہ مقدمے کی حتمی کارروائی تین دن تک جاری رہے گی تاہم اس میں توسیع بھی کی جا سکتی ہے۔

مساجد پر حملے میں ملوث آسٹریلوی شہری برینٹن پر گزشتہ برس کے اوائل میں 51 افراد کو قتل اور 40 پر اقدام قتل کی فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

Courtesy hum news