بالی ووڈ کی معروف کوریوگرافر سروج خان انتقال کرگئیں

معروف بالی ووڈ کوریوگرافر سروج خان دل کی دھڑکن بند ہونے کے باعث آج صبح ممبئی کے مقامی اسپتال میں انتقال کرگئیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سروج خان کی موت پر بالی ووڈ کے تمام بڑے اداکاروں اور کوریوگرافرز نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے اور اسے بھارتی فلم انڈسٹری کےلیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان قرار دیا ہے
فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر نامور اداکارہ و ڈانسر مادھوری ڈکشت نے اپنی اور سروج خان کی ایک تصویر شیئر کی ہے اور ساتھ ہی انہوں نے کیپشن میں لکھا کہ آج میں گہرے صدمے میں ہوں، میرے پاس الفاظ نہیں ہیں اپنا دکھ بیان کرنے کے لیے۔ سروج جی اُس وقت سے میرے ساتھ تھیں جب میں نے بالی ووڈ میں قدم رکھا۔

مادھوری نے لکھا کہ انہوں نے مجھے بہت کچھ سیکھایا ہے صرف رقص کے بارے میں نہیں بلکہ ہر چیز کے بارے میں، اس وقت میرے دماغ میں اُن کی یادوں کا رش ہے۔

اداکارہ نے مزید لکھا کہ اُن کے اہل خانہ سے میرے دلی تعزیت ہے
اداکارہ کرینہ کپور نے بھی اپنے انسٹاگرام پر ایک تصویر جاری کی ہے جس میں وہ اور سروج خان ڈانس کرتے دکھائی دے رہے ہیں، ساتھ ہی کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ ’ماسٹر جی ہمیشہ مجھے کہتی تھیں کہ پیر نہیں چلا سکتی تو کم از کم منہ تو چلاؤ۔ ‘

کرینہ کپور نے کہا کہ وہ ہمیشہ سروج جی کی اس بات کو یاد رکھیں گی اور انہیں کبھی نہیں بھول سکیں گی
بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹھی نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر سروج خان کے ساتھ اپنی ایک تصویر شیئر کی ہے اور لکھا ہے کہ ایک لیجنڈ ہمیں چھوڑ گیا ہے، میں اُن کے ساتھ کی گئی پہلی ملاقات کو کبھی نہیں بھول سکتی۔

شلپا شیٹھی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سروج خان کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق سروج خان کا اصل نام نرملا ناگپال تھا، وہ 1948 میں ممبئی میں پیدا ہوئیں۔ انہوں نے صرف تین سال کی عمر سے فلموں میں بطور چائلڈ آرٹسٹ کام شروع کردیا تھا جبکہ نوعمری میں بیک گراؤنڈ ڈانسر کے طور پر بھی دکھائی دیں۔

ڈانس ڈائریکٹر کی حیثیت سے انہوں نے تقریباً 40 سال تک بالی ووڈ فلم نگری پر حکمرانی کی اور بھارت میں ’’مادرِ رقص‘‘ (مدر آف کوریوگرافی) کا خطاب بھی اپنے نام کیا۔

تاہم جلد ہی انہوں نے ڈانس ڈائریکشن اور کوریوگرافی کو اپنا کیریئر بنا لیا اور 2000 سے زائد بالی ووڈ اور تامل فلموں میں کوریوگرافی/ ڈانس ڈائریکشن کی جو بجائے خود ایک ریکارڈ ہے۔

ان کی کوریوگراف کی ہوئی فلموں میں ہیرو، مسٹر انڈیا، تیزاب، چاندنی، سیلاب، ڈر، آئینہ، بازی گر، مہرہ، دل والے دلہنیا لے جائیں گے، ہم دل دے چکے صنم، تال، لگان، دیوداس، منگل پانڈے، فنا، جب وی میٹ، دلی 6، اے بی سی ڈی اور گلاب گینگ جیسی سپر ہٹ فلمیں شامل ہیں۔

شاہ رخ خان اور عامر خان کے علاوہ انہوں نے مادھوری ڈکشت اور سری دیوی جیسی بڑی اداکاراؤں کو بھی کوریوگراف کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق وہ پچھلے کئی مہینوں سے دل کی تکلیف میں مبتلا تھیں اور ممبئی کے ایک مقامی اسپتال میں داخل تھیں۔ ان کا کورونا ٹیسٹ منفی آیا تھا۔ سروج خان کے بھانجے منیش جاگوانی نےمیڈیا کو بتایا کہ آج 3 جولائی 2020 کو علی الصبح اچانک دل کی دھڑکن بند ہوجانے سے ان کا انتقال ہوا۔