توشہ خانہ ریفرنس، آصف زرداری کے وارنٹ گرفتاری جاری

احتساب عدالت میں سابق صدر آصف زرداری اور سابق وزیراعظم نواز شریف کےخلاف توشہ خانہ ریفرنس پرسماعت ہوئی ، مسلسل عدم پیشی پر عدالت نےنوازشریف کواشتہاری قرار دینے کی کارروائی شروع کی اور جج محمد اصغر علی نے نواز شریف کے اشتہار جاری کر دیے۔

جج اصغر علی نے کہا نواز شریف کےناقابل ضمانت وارنٹس پر کوئی عملدرآمد نہ ہو سکا، نواز شریف دانستہ طور پر عدالتی کارروائی کا حصہ نہیں بن رہے، جس پر نیب کے وکیل کا کہنا تھا کہ کیس میں3ملزمان ہیں،نوازشریف کےنام عدالت نےوارنٹ جاری کیے۔

نیب نے نواز شریف کو سمن برطانیہ بھجوانے کی رپورٹ عدالت میں پیش کر دی اور بتایا نوازشریف برطانیہ میں ہیں،دفترخارجہ کےذریعے وارنٹ بھیجے،

جج اصغر علی نے قرار دیا کہ کرمنل کیس ہے آصف زرداری کو پیش تو ہونا پڑےگا، وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کوروناکےدن ہیں اور آصف زرداری کی عمر زیادہ ہے، ان کے آنےسےلوگ اکٹھے ہوں گے رش بنے گا، جس پرجج کا کہنا تھا کہ آصف زرداری کو کورونا ہے تونہیں، آصف علی زرداری کےوارنٹ جاری کردیتے ہیں۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا آصف زرداری کی جانب سےمیں پیش ہو رہا ہوں، تو جج اصغرعلی کا کہنا تھا کہ طویل تاریخ دےدیتا ہوں پھرآصف زرداری پیش ہو جائیں، جورپورٹ پیش کی ہے وہ اطمینان بخش نہیں۔

وکیل نیب سردارمظفر نے کہا فاروق ایچ نائیک کہہ رہےہیں آصف زرداری کےپیش ہونےسےرش ہو گا، اگررش ہو گاتویہ انتظامیہ کا کام ہےکہ وہ کنٹرول کریں، کوئی رعایت نہ کی جائے،ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیےجائیں، یوسف رضا گیلانی کوعدالت نےاستثنیٰ دیا توآج ان کا وکیل بھی پیش نہیں ہوا، یوسف رضا گیلانی کا استثنیٰ بھی ختم کیا جانا چاہیے۔

فاروق ایچ نائیک نے بتایا کہ آصف زرداری کو ہائیکورٹ نےطبی بنیادپرضمانت دی تھی،آصف زرداری پرکیس پہلی بار نہیں بنائے گئے، 20 سال سے آصف زرداری کےخلاف کیس بنتےدیکھ رہا ہوں، وارنٹ توتب جاری کیے جائیں جب آصف زرداری پیش نہ ہوں، آئندہ سماعت پرآصف زرداری عدالت میں پیش ہوجائیں گے۔

وکیل فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ یوسف رضاگیلانی کوروناوائرس کاشکارہوئےتھے، میں یوسف رضاگیلانی کےساتھ تھااس لیےآئسولیشن میں چلاگیاتھا، عدالت کہےتویوسف رضاگیلانی کی طرف سےبیان حلفی دےدیتاہوں۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا بیان دے رہا ہوں آصف زرداری آئندہ سماعت پرپیش ہوں گے، بطورسینئر وکیل بیان حلفی دےرہاہوں،یہ بڑی بات ہوتی ہے ، آصف زرداری سابق صدرپاکستان ہیں وہ کہیں بھاگ نہیں رہے۔

احتساب عدالت کے جج نے کہا میں نے اب آرڈر کر دیا ہے اب واپس نہیں ہو گا، عدالت نےآپ سے ایڈریس لے کر سمن جاری کیالیکن وہ پھربھی پیش نہیں ہوئے۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کے اشتہار اور آصف زرداری کے وارنٹ جاری کرتےہوئے ریفرنس پر سماعت 17 اگست تک ملتوی کردی۔

Courtesy Ary news