بلوچستان حکومت میرے ساتھ انتقامی کارروائی کر رہی ہے،عمران خان سے ملاقات میں اسلم بھوتانی کی گفتگو

اسلام آباد ۔ ،وزیراعظم عمران خان سے رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی کی ملاقات ،وزیراعظم کی محمد اسلم بھوتانی کو انکے فنڈز وفاقی اداروں کے ذریعے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے خرچ کرنے کی یقین دہانی ،تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے

اتوار کو رکن قومی اسمبلی محمد اسلم بھوتانی نے وزیراعظم سیکرٹریٹ میں ملاقات کی ۔اس موقع پر وفاقی وزراء اسد عمر،پرویز خٹک،شاہ محمود قریشی بھی موجود تھے۔ محمد اسلم بھوتانی نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان حکومت انکے ساتھ انتقامی کارروائی کر رہی ہے وہ پی ٹی آئی کے اتحادی ہیںاس ناطے انہیں وفاق کی جانب سے علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے جاری کردہ ترقیاتی فنڈز کوصوبائی حکومت کی جانب سے روک دیا گیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اس معاملے کا نوٹس لیں اور انکے حلقہ کی فلاح و بہبود کیلئے روکے گئے فنڈز کو جاری کرایا جائے تاکہ علاقے کے عوام میں پائی جانے والی مایوسی کو دور کیا جاسکے۔اس موقع پر وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ہرممکن کوشش کر رہی ہے فنڈز کو علاقے کی فلاح و بہبود کیلئے جاری کیا گیا ہے اس میں سیاست قطعاً نہیں ہونی چاہئے فندز اور ترقی عوام کا حق ہے اس میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی وزیراعظم نے رکن قومی اسمبلی محمداسلم بھوتانی کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت نے انکے حلقے کیلئے جو فنڈز مختص کئے ہیں انہیں صوبائی حکومت سے لیکر وفاقی اداروں کے ذریعے خرچ کیا جائے گا