پشاور کو پی ایس ایل کے پانچویں مقام کے طور پر شامل کرنیکا منصوبہ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان سپر لیگ سیزن 6 کے لیے پانچویں مقام کے طور پر پشاور کو شامل کرنے کا منصوبہ بنالیا۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے پی ایس ایل 6 سے قبل پشاور زلمی کے مداحوں کو خوشخبری سنادی، پی ایس ایل 6 میں پشاور کو پانچویں وینیو کے طور پر شامل کیے جانے کا قوی امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق گزشتہ روز پاکستان کرکٹ بورڈ کے بورڈ آف گورنرز نے احسان مانی کی صدارت میں ویڈیو کانفرنس کے ذریعے مجموعی طور پر 58ویں سال کا اپنا دوسرا اجلاس منعقد کیا۔

اجلاس میں‌ پی ایس ایل 2020 کے کامیاب مراحل پر مبارکباد پیش کی گئی، پی ایس ایل 5 کے 30 میچز چار مقامات پر کھیلے گئے اور 5 لاکھ سے زائد شائقین نے میدانوں کا رخ کیا۔

بی او جی کو بتایا گیا کہ پی سی بی بقیہ چار میچز سال کے آخر میں کروانے کا منصوبہ بنا رہی ہے اور 2021 کے ایڈیشن کے لیے پشاور میں پانچواں مقام شامل کرنے کا ارادہ ہے جو فروری اور مارچ 2021 میں ہونا ہے
بورڈ آف گورنرز کی میٹنگ میں پی سی بی کے کمرشل ڈیپارٹمنٹ سے الگ کرکے ایک ایچ بی ایل پی ایس ایل ڈپارٹمنٹ قائم کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔

پی ایس ایل پروجیکٹ کے ایگزیکٹو شعیب نوید، اسٹیک ہولڈرز کے تعلقات کو بہتر بنانے اور اعلیٰ درجے کی ایونٹ کی فراہمی کے لیے پی سی بی کی مہم کے تحت اس شعبے کی سربراہی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق ایک نگرانی گروپ بھی ہوگا جو چیف ایگزیکٹو، چیف آپریٹنگ آفیسر، چیف فنانشل آفیسر اور ڈائریکٹر کمرشل پر مشتمل ہوگا۔

دوسری جانب جولائی کے پہلے ہفتے میں پی ایس ایل جنرل کونسل کا اجلاس بھی طے ہے جس میں ایونٹ کے حوالے سے مزید لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔