پی سی بی نے بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کیلئے ویزوں کا معاملہ اٹھادیا

پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت میں شیڈول آئی سی سی ایونٹس کے لیے پاکستان ٹیم کے ویزوں کا معاملہ اٹھا دیا۔

چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ احسان مانی نے گورننگ بورڈ کو ویڈیو لنک اجلاس میں آئی سی سی اور اے سی سی سے متعلقہ امور پر بریفنگ دی۔

احسان مانی نے بتایا کہ بھارت میں آئندہ آئی سی سی ایونٹس کے لیے پاکستان ٹیم کے ویزوں کا معاملہ بھی اٹھایا ہے، جبکہ سری لنکا کو ایشیا کپ کی میزبانی کے تبادلے کی پیشکش کی ہے۔

احسان مانی نے پی سی بی کے پیٹرن وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں بریفنگ بھی دی۔

ان کا کہنا تھا کہ پیٹرن سے کرکٹ کرپشن کی روک تھام کے لیےقانون سازی پر بات ہوئی ہے، قانونی سازی کے لیے مجوزہ دستاویز دے دی گئیں۔

بورڈ آف گورنرز (بی او جی) نے دورہ انگلینڈ کے لیے کیے گئے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا ہے جبکہ بڑی تعداد میں کھلاڑیوں کے کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر تشویش کے ساتھ صحت اور حفاظت کے لیے سخت اقدام اٹھانے کی ہدایت بھی کی ہے