شفاعت علی نے بھی کورونا کو شکست دے دی

واسع چوہدری اور ابرار الحق کے بعد اب پاکستان کے معروف میزبان و کامیڈین شفاعت علی بھی عالمی وبا کورونا وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

شفاعت علی نے اپنے دوستوں اور مداحوں کو اپنی صحت سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’الحمد اللّہ میں نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے اور میں اُن تمام لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جو اس مشکل گھڑی میں میرے ساتھ کھڑے رہے اور مجھے مدد کی پیش کش کرتے رہے
اُنہوں نے اپنے مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’میری صحتیابی کے لیے آپ سب کے دعائیہ پیغامات کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اس کے لیے میں ہمیشہ آپ کا مقروض رہوں گا
شفاعت علی نے زندگی کی اہمیت بتاتے ہوئے معنی خیز پیغام لکھا کہ ’زندگی بہت مختصر ہے اور ہر نیا دن ہمارے لیے اللّہ کی طرف سے ایک بونس ہے اس کے لیے اپنے رب کا شکریہ ادا کریں اور اپنے خوابوں کو پورا کریں
واضح رہے کہ شفاعت علی نے رواں ماہ 7جون کو اپنے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ اُنہیں کورونا کی کچھ علامات ظاہر ہوئیں جس کے بعد اُنہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا
اُنہوں نے اپنے چاہنے والوں سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے لکھا تھا کہ اُنہیں اِس مشکل وقت میں سب کے پیار اور دعاؤں کی ضرورت ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور معروف گلوکار ابرار الحق نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا تھا کہ اُن کے کورونا ٹیسٹ کے نتائج منفی آئے ہیں اور وہ عالمی وبا کو شکست دینے میں کامیاب ہوگئے ہیں