خواجہ آصف کو 3 جولائی کو طلب کر لیا

خواجہ آصف کومطلوبہ دستاویزات سمیت 11 بجے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے آج قومی احتساب بیورو (نیب) کے روبرو پیش نہ ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔

خواجہ آصف کے وکیل چودھری نجم الحسن نے نیب لاہورمیں جواب جمع کروا دیا جس میں کہا گیا ہے کہ خواجہ آصف اسمبلی اجلاس کے باعث آج نیب میں پیش نہیں ہوں گے۔

جواب میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ آئندہ جوتاریخ دی جائے گی پیش ہوں گے۔

خیال رہے کہ آج مورخہ 26 جون کو نیب نے خواجہ آصف کو طلب کر رکھا تھا۔ خواجہ آصف کو ہاؤسنگ سوسائٹی سے متعلق ریکارڈ ہمراہ لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

سابق وزیرخارجہ خواجہ آصف پرنیب کی جانب سے تفصیلات طلب کی گئی ہیں کہ کینٹ ہاوَسنگ سوسائٹی سیالکوٹ میں ان کے اہل خانہ نے کتنی سرمایہ کاری کی؟

خواجہ آصف سے یہ بھی پوچھا گیا ہے کہ کینٹ ہاوَسنگ سوسائٹی سیالکوٹ میں کی گئی سرمایہ کاری کے ذرائع کیا ہیں۔

ان پر نیب کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے سوسائٹی انتظامیہ کی ملی بھگت سے 137 کنال اراضی غیر قانونی فروخت کی۔

خواجہ آصف پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے ان شہریوں کی اراضی پر قبضہ کیا جنہوں نے کبھی زمین فروخت ہی نہیں کی۔

نیب کی جانب سے کہا گیا ہے کہ سوسائٹی نے غیر قانونی طور پر اراضی پر قبضے کیے ہیں، سابق وزیر خواجہ آصف نے اختیارات کا غیرقانو نی استعمال کیا۔

مسلم لیگ ن کے سینئر رہ نما پر یہ الزام بھی عائد کیا گیا ہے کہ انہوں نے غیر قانونی سوسائٹی کی ریونیو اتھارٹی سے متعدد منظوریاں لیں۔

خیال رہے کہ دو روز قبل قومی احتساب بیورو (نیب) نے رہنما مسلم لیگ ن خواجہ آصف کو 26 جون کو طلب کیا تھا۔

ذرائع نے ہم نیوز کو بتایا تھا کہ خواجہ آصف کو کینٹ ہاؤسنگ سوسائٹی سیالکوٹ کیس میں طلب کیا گیا ہے۔

Courtesy hum news