قومی اسکواڈ کے کوویڈ 19 ٹیسٹ کا دوسرا مرحلہ مکمل

انگلینڈ کے دورے کے لیے منتخب ہونے والے اسکواڈ اور مینجمنٹ کے ارکان کے کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا۔

دورہ انگلینڈ کے لیے منتخب اسکواڈ میں شامل 18 کھلاڑیوں اور مینجمنٹ میں شامل11 اراکین کی کوویڈ 19 ٹیسٹنگ کا دوسرا مرحلہ بھی مکمل ہو گیا، جبکہ پہلے مرحلے میں جن 10 کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ایک رکن کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا ان کا دوسرا کوویڈ 19 ٹیسٹ جمعہ کو ہو گا۔

پی سی بی تمام ٹیسٹ کے نتائج کا اعلان ہفتے کو کرے گا۔

پی سی بی کے مطابق پانچ ریزرو کھلاڑیوں اور منیجمنٹ کے ایک رکن کے کوویڈ 19 ٹیسٹ بھی مکمل ہو گئے۔ ریزرو کھلاڑیوں میں بلال آصف، عمران بٹ، محمد نواز، موسیٰ خان اور روحیل نذیر کے نام شامل ہیں۔

محمد رضوان کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد روحیل نذیر کو بطور بیک اپ وکٹ کیپر ریزرو کھلاڑیوں میں شامل کیا گیا ہے۔