اک درویش عورت

میرے آفس کا ایڈریس بہت آسان ہے اور شاید اللہ تعالی نے یہ بھی مجھے لوگوں کی آسانیوں کیلئے عطا کیا ہے ۔ میلینیم مال سے ڈالمیا روڈ پر مڑیں تو PSO پیٹرول پمپ سے پہلے لیفٹ سائیڈ کو جاتے ڈبل روڈ پر گلشن جمال میں داخل ہو جائیں ۔ 400 میٹر جانے کے بعد برگیڈیر بشیر فاونڈیشن لکھا نظر آجائیگا ۔

کل ایک خاتون نے مجھے فون کرکے Tab Dexamethasone کے لئے پوچھا اور 10 منٹ میں میرے آفس پہنچ گئیں ۔ کہنے لگیں میرے میاں اور بیٹی ڈاکٹر ہیں ۔ آپکا میسیج سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو میں نے اپنی بیٹی کو دکھایا ۔ کہنے لگی اماں یہ میڈیسن بازار سے غائب ہوگئی ہے اور ہاسپیٹل میں مریضوں کی پریشانی کی ایسی باتیں سنائیں کہ میں رو پڑی ۔ آج میلینیم مال میں کچھ خریداری کے لئے آئی تو خیال آیا کہ آپکا ایڈریس اسی علاقے کا ہے تو کیوں نہ شاپنگ سے کچھ پیسے بچا کر کسی کیلئے یہ میڈیسن خرید کر بیٹی کو دے دوں کہ٩ کسی ضرورتمند مریض کو دے سکے ۔

ایک پیکٹ میں ٹیبلیٹ کی تعداد اور قیمت پوچھنے لگی ۔ میں نے عرض کیا پیکٹ میں 100 گولیاں ہوتی ہیں مگر ہم فری دیتے ہیں آپ لے جائیے ۔ ذرا تلخ لہجے میں کہنے لگیں میں تو خریدونگی آپکی مرضی ہے دیں یا نہ دیں اور پانچ پانچ ہزار کے دو نوٹ نکال کر میری میز پر رکھ دئیے ۔ میں نے کہا بہن جی یہ دوائی بہت سستی ہے ۔ پیکٹ پر لکھی گئی قیمت 640 روپے ہے مگر ہم 450 روپے لیں گے ۔ میری طرف حیرت اور پریشانی سے دیکھ کر کہنے لگی تو پھر یہ غائب کیوں ہے بازار سے ؟

چپ چاپ 500 روپے نکال دئیے ۔ میرے آفس کے لڑکے نے بقایا 50 روپے اور ٹیبلیٹس ایک پیکٹ لاکر دے دیا ۔ جانے لگی تو میں باہر دروازے تک خدا حافظ کہنے گیا ۔ جاتے جاتے رکیں ۔ کہنے لگیں میں نے آج گھر کیلئے بیس ہزار کا سامان خریدا ہے ۔ یہ اتنی سستی دوائی ہے اور مریض رل گئے ہیں ۔

بھرائی ہوئی آواز اور آنکھوں میں نمی لئے کہنے لگیں بیس ہزار کی شاپنگ کے بعد اللہ کی راہ میں صرف 450 روپے ۔ آپ نے بہت زیادتی کی میرے ساتھ ۔ دس ہزار رکھ لیتے تو میں آپکو بہت دعائیں دیتی ۔ اب اس دس ہزار کا میں کیا کرونگی ۔

جاتے جاتے ایک اور تیر چلایا ۔ کہنے لگیں برگیڈیر صاحب بہت خود غرض ہیں آپ ۔ کیا کریں گے ساری نیکیاں خود سمیٹ کر ۔

میں ہکا بکا کھڑا اس درویش عورت کو اس وقت تک دیکھتا رہا جب تک اس کی کار میری آنکھوں سے اوجھل نہ ہوگئی
برگیڈیربشیرآرائیں