انیل کپور کی زندگی کے 37 سال کیسے گُزرے؟

بھارتی فلم اسٹار انیل کپور نے اپنی فلم ’وہ سات دن‘ کے 37 سال مکمل ہونے پر مداحوں کو اپنے کیریئر کے سفر کے بارے میں کچھ اہم معلومات سے آگاہ کیا ہے۔

فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر انیل کپور نے 1983 میں ریلیز ہونے والی اپنی فلم ’وہ سات دن‘ کی کچھ یادگار تصاویر پوسٹ کیں جس کے ساتھ اُنہوں نے ایک طویل کیپشن بھی لکھا
انیل کپور نے لکھا کہ ’میں ہمیشہ کی طرح اپنے کام میں مشغول آج بھی ماضی کے بارے میں سوچنے کے بجائے مستقبل کے بارے میں سوچتا ہوں، ماضی میں جو بھی ہوا ہو چاہے اچھا ہوا یا برا میں کبھی پیچھے مُڑ کر نہیں دیکھتا ہوں۔‘

بھارتی اداکار نے لکھا کہ ’میری فلم ’وہ سات دن‘ کو 37 سال مکمل ہوگئے ہیں اور اس دوران میں نے بہت سے چیلنجز کا سامنا بھی کیا، کچھ اچھے تھے اور کچھ برے لیکن میں نے کبھی ہمت نہیں ہاری اور ہمیشہ ڈٹ کر کھڑا رہا۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’میں نے بطور اداکار اپنے کیریئر کا آغاز کیا، پھر میں ایک اسٹار بنا، اس کے بعد سُپر اسٹار بھی بنا لیکن ایک وقت ایسا بھی آیا کہ جب میں فلاپ اداکار کی فہرست میں شامل ہوا۔‘

انیل کپور نے لکھا کہ ’اس کے بعد دوبارہ اپنے کام اور محنت سے اسٹار بنا، لوگوں نے پسند کیا اور پھر سدا بہار اداکار کی فہرست میں شامل ہوگیا۔‘

اداکار نے لکھا کہ ’مجھ پر لیبل بھی لگائے گئے، تنقید بھی کی گئی لیکن میری زندگی میں ان کی کوئی اہمیت نہیں اور نہ ہی میں ان کو سنجیدگی سے لیتا ہوں کیونکہ میں اپنی صلاحیتوں سے بخوبی آگاہ ہوں۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’اس طرح میری زندگی کے یہ 37 سال گزرے اور مجھے امید ہے کہ میں اپنی زندگی کے آنے والے سالوں میں بھی ایسے ہی رہوں گا۔‘

آخر میں اُنہوں نے اپنے تمام مداحوں، ساتھی اداکاروں، اہل خانہ اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اس سفر میں ان کا حوصلہ بلند کیا۔

واضح رہے کہ انیل کپور کی فلم ’وہ سات دن‘ 1983 میں ریلیز ہوئی تھی اور اس فلم میں انیل کپور کے ساتھ نصیرالدین شاہ نے بھی مرکزی کردار نبھایا تھا