علی ظفر کی سوشانت کیساتھ یادگار تصویر وائرل

پاکستان میوزک انڈسٹری کے معروف گلوکار علی ظفر کی بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کے ساتھ یادگار تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

رواں ماہ 14جون اتوار کے روز گلے میں پھانسی کا پھندہ ڈال کر خودکشی کرنے والے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی یاد میں جہاں بالی ووڈ فنکار اور اُن کے دیگر دوست اداکار کے ساتھ ماضی کے اپنے قیمتی لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر کر رہے ہیں تو وہیں پاکستان کے نامور گلوکار علی ظفر نے بھی سوشانت سنگھ کے ساتھ اپنی ایک یادگار تصویر سوشل میڈیا پر پوسٹ کی ہے
علی ظفر کی جانب سے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر پوسٹ کی جانے والی تصویر میں سوشانت سنگھ، اُن کی دوست روہینی، بھارتی فلم پروڈیوسر شبینہ، علی ظفر اور ان کے ایک اور دوست شامل ہیں
گلوکار نے یہ یادگار تصویر دینے پر بھارتی فلم پروڈیوسر شبینہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے آج بھی ماضی کی ہماری وہ خاص رات یاد ہے۔‘

اُنہوں نے لکھا کہ ’سوشانت سنگھ بھارتی فلم انڈسٹری کے سب سے گرم جوش اور اچھے انسانوں میں سے ایک تھا۔‘

علی ظفر نے لکھا کہ ’وہ خوش مزاج، زندگی سے بھرپور اور ہمیشہ مُسکرانے والا شخص تھا، میں ابھی تک اُس کے جانے کے غم کو نہیں بھول پار ہا ہوں۔‘

واضح رہے کہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ نے رواں ماہ 14جون کو ممبئی کے علاقے باندرا میں واقع اپنے گھر میں خودکشی کی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ کے مطابق اداکار کا گلا پھانسی کی وجہ سے گھٹا جس کے بعد اُن کی موت واقع ہوئی
سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے اور اُن کے قریبی دوستوں کا بھی کہنا تھا کہ اداکار ذہنی تناؤ کا شکار تھے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اُن کے ڈپریشن کی وجہ کیا تھی