فواد چوہدری کا چھ ماہ میں حکومت کی تبدیلی کا بیان معنی خیز ہے۔ جام اکرام اللہ دھاریجو

صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور محکمہ باہمی تعاون اور محکمہ انسدادِ بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا ہے کہ وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری کا آئندہ چھ ماہ میں حکومت کی تبدیلی کا بیان معنی خیز ہے اور یوں لگتا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اپنی کوتاہیوں کا الزام کسی اور کے سر دھر کر حکومت سے جان چھڑانے کی کوشش میں ہے۔ انہوں نے فواد چوہدری کے بی بی سی کو دئیے گئے انٹرویو پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت کے وزراء میں اندرونی جھگڑوں کے باعث ان کی پارٹی ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہے اور ایسا لگتا ہے کہ پی ٹی آئی حکومت کے پاس چھ ماہ سے بھی کم عرصہ باقی بچا ہے اور افسوس کا مقام ہے کہ تحریک انصاف کی حکومت عوام کی توقعات پر بلکل پوری نہیں اتری اور عوام اس کی کارکردگی سے سخت مایوس ہیں۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے مذید کہا کہ عوام اب نہ ایک کرورڑ نوکریاں مانگ رہے ہیں اور نہ پچاس لاکھ گھر۔ اب وہ دو وقت کی روٹی اور موجودہ وفاقی حکومت سے پناہ مانگ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی ناقض پالیسیوں نے معیشت کو تباہی کے دہانے پر لاکھڑا کیا ہے اور لاکھوں لوگوں سے ان کا روزگار چھین لیا ہے۔ صوبائی وزیر برائے صنعت و تجارت اور انسداد بدعنوانی جام اکرام اللہ دھاریجو نے کہا کہ اب وفاقی حکومت کے وزراء خود کھل کر اپنی حکومت پر تنقید کررہے ہیں اس سے صورتحال کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کتنی خراب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت سندھ کے اقدامات کی تعریف کے بجائے وفاقی حکومت نے اس میں روکاوٹیں پیدا کیں جس کا نتیجہ ہزاروں اموات اور لاکھوں مریضوں کی صورت میں نکلا پے۔ صوبائی وزیر جام اکرام اللہ دھاریجو نے وفاقی حکومت کو مشورہ دیا کہ اگر حکومت ان سے نہیں چل رہی تو باعزت طریقے سے استعفیٰ دے دیں تاکہ عوام مذید پریشانیوں سے بچ جائیں