امریکا جانے کے خواہشمند افراد کے لئے بڑی خبر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا وبا اور بڑھتی ہوئی بیروزگاری کے پیش نظر غیر ملکیوں کے ملک میں داخلے کو روکنے کیلیے ویزا پالیسی میں موجود نرمیوں کو ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے، جس کا اعلان آج متوقع ہے۔

صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ یہ اب تک کی سب سے سخت ویزا پالیسی ہوگی، اس میں چند ہی لوگ مستثنیٰ ہوں گے، موجودہ معاشی صورت حال میں دستیاب نوکریوں پر سب سے پہلا حق امریکیوں کا ہے، اسے بیرون ملک سے آنے والوں کے لیے نہیں رکھا جاسکتا۔

انٹرویو میں صدر ٹرمپ نے نئی ویزا پالیسی سے متعلق زیادہ تفصیلات دینے سے گریز کیا تاہم ناقدین کا کہنا ہے کہ امریکی صدر امیگریشن کو محدود رکھنے کے اپنے دیرینہ مقصد کو حاصل کرنے کے لئے کورونا وبا کا استعمال کر رہے ہیں ، وہ امیگریشن کے بارے میں سخت مؤقف سے صدارتی انتخاب میں امریکیوں کے ووٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

Courtesy Ary News