ایکسپو فیلڈ اسپتال میں نئے قائم کردہ ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو) کا افتتاح

کراچی (24 جون 2020ء) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ایکسپو فیلڈ اسپتال میں نئے قائم کردہ ہائی ڈیپینڈنسی یونٹ (ایچ ڈی یو) کا افتتاح کرتے ہوئے کہا کہ یہ صوبائی صحت کی خدمات کو مزید بڑھانے اور تقویت دینے کے ان کے عزم کا مظہر ہے تاکہ کوئی بھی کووڈ 19 کا مریض نظراندا نہیں کیا جائے۔ سندھ حکومت نے پاک فوج کے تعاون سے ایچ ڈی یو ، فیلڈ ہسپتال ، ایکسپو کراچی قائم کیا گیا ہے۔ اس افتتاحی تقریب میں وزیر اطلاعات سید ناصر حسین شاہ، اعلی سول اور عسکری حکام سمیت انڈس اسپتال کے ڈاکٹر باری اور دیگر نے

شرکت کی۔سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ نیا ایچ ڈی یو چار کمروں میں رکھا گیا ہے جس کی گنجائش 140 آکسیجن بستروں پر مشتمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں دس یوم کے اندر اس ایچ ڈی یو کے قیام پر پاک آرمی کی تعریف کرتا ہوں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ شہر کے وسط میں واقع ایک بہترین سہولت ثابت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج وائرس سے بچنے میں سندھ حکومت کی مدد کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایکسپو میں نئے ایچ ڈی یو کے قیام سے شہر کے دوسرے اسپتالوں پر دباؤ کم کرنے میں مدد ملے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ پاک فوج نے ایچ ڈی یو میں اعلیٰ تربیت یافتہ ہیلتھ کیئر اسٹاف تعینات کیا ہے اور انڈس اسپتال بھی اس یونٹ کو چلانے کے لئے معاونت کرے گا۔ سید مراد علی شاہ نے بتایا کہ اس وقت حکومت سندھ نے پہلے ہی سندھ بھر میں 453 بستروں پر مشتمل آئی سی یو اور 1553 بستروں پر مشتمل ایچ ڈی یو کوویڈ 19 کے مریضوں کیلئے صحت کی سہولیات کا آغاز کیا ہے اور ایکسپو سینٹر میں مزید 140 بستروں والا ایچ ڈی یو اس سسٹم میں شامل کیا گیا ہے۔
قبل ازیں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ربن کاٹ کر 140 بستروں والے ایچ ڈی یو کا افتتاح کیا اور چاروں کمروں کا دورہ کیا۔ ایکسپو میں اس فیلڈ اسپتال کے اندر 1200 بستروں کی آئسولیشن کرنے کی سہولت موجود ہے۔
وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے سروسز اسپتال کا بھی دورہ کیا

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شانے نے ایکسپو سینٹر کے دورہ کے بعد سروسز اسپتال پہنچے جہاں کوویڈ 19 مریضوں کیلئے ایک آئسولیشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے متعلقہ انجینئر کو ہدایت کی کہ وہ کام میں تیزی لائیں تاکہ اسے جلد شروع کیا جاسکے۔
عبدالرشید چنا
ترجمان وزیراعلیٰ سندھ