سعودی عرب اور یو اے ای سے 25 ہزار پاکستانیوں کی واپسی کے لیے بڑا فضائی آپریشن

بیرون ملک موجود پاکستانیوں کی واپسی کے سلسلے میں پی آئی اے کے دفاتر پر مسافروں کے رش کے پیش نظر آئندہ ہفتے میں قومی ایئرلائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دے دیا۔

پی آئی اے آئندہ ہفتے سعودی عرب سے 10 ہزار افراد کو واپس لائے گی، جب کہ یو اے ای سے 15 ہزار افراد کو واپس لایا جائے گا، ان 25 ہزار مسافروں کو واپس لانے کے لیے 100 سے زائد پروازیں چلائی جائیں گی، ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ بڑی تعداد میں پروازوں کا مقصد ٹکٹس کی فراہمی آسان کرنا ہےواضح رہے کہ ملک میں بین الاقوامی فضائی آپریشن بحال کر دیا گیا ہے، اس سلسلے میں جناح ٹرمینل کراچی سے خلیجی ممالک کی 7 پروازیں آپریٹ کی گئیں، اور ایک ہزار سے زائد مسافر روانہ ہوئے۔

ذرایع نے بتایا کہ پی آئی اے کی پروازوں میں نشستیں دفاتر، ایجنٹس یا ویب سائیٹ کے ذریعے منٹوں کے اندر فروخت ہو رہی تھیں اور زیادہ تر لوگ ٹکٹ حاصل کرنے سے رہ جاتے تھے، اس لیے پی آئی اے نے حکومت پاکستان سے اضافی افراد کو واپس لانے کے لیے اجازت مانگی تھی، اجازت ملنے پر قومی ایئر لائن نے بڑا فضائی آپریشن ترتیب دیا

Courtesy Ary News