جمہوریت کے تحفظ کی خاطر پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہر دور کے آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے – تیمور تالپور

صوبائی وزیر برائے انفارمیشن، سائنس و ٹیکنالوجی تیمور تالپور نے کہا ہے کہ جمہوریت کے تحفظ کی خاطر پیپلز پارٹی کے جیالوں نے ہر دور کے آمروں کا ڈٹ کر مقابلہ کیا ہے، شہادتیں پیش کی ہیں اور جیلیں کاٹیں ہیں لیکن نہ کبھی بکے نہ کبھی جھکے۔ آج اس وبائی صورتحال میں بھی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ایک اشارے پر جیالے 1973 کے آئین کے تحفظ کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ صوبائی وزیر تیمور تالپور نے کہا کہ حکومت چلانا بچوں کا کھیل نہیں ہے، حکومت چلانے کے لیے عوام کو ریلیف دینا ہوتا ہے، جس میں سلیکٹیڈ حکومت بری طرح ناکام رہی ہے، اور اپنی ناکامی کو چھپانے کیلئے اب آئین کے خلاف سازشوں پر اتر آئی ہے، پیپلزپارٹی آئین کے بقا اور تحفظ کی خاطر سیسہ پلائی دیوار ثابت ہوگی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کورونا پر صوبائی حکومت کی کوئی مدد نہیں کی، حالیہ بجٹ میں بھی وفاقی حکومت نے ٹڈی ڈل اور کورونا سے نمٹنے کیلئے کوئی منصوبہ نہیں دیا، وفاقی حکومت صوبوں کو ہیلتھ پیکیج دینے کی بجائے صرف سیاسی فوائد کے حامل ترقیاتی منصوبے بنا رہی ہے۔ صوبائی وزیر تیمور تالپور نے حلیم عادل شیخ کے بیان پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ حلیم عادل شیخ قبضہ مافیا کا نمائندہ ہے، حلیم عادل شیخ کی کرپشن اور زمینوں پر قبضوں کے بارے میں بچہ بچہ جانتا ہے۔ کراچی کے اسپتالوں پر بات کرنے سے قبل ایک بار خیبر پختونخواہ کے اسپتالوں پر بھی ایک نظر ڈال لیں، جہاں گزشتہ سات سالوں سے تحریک انصاف کی حکومت ہے لیکن خیبر پختونخواہ کے عوام اپنے علاج معالجے کیلئے کراچی کے اسپتالوں کا رخ کرنے پر مجبور ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ کے پیسے احساس ایمرجنسی پروگرام کے نام سے تقسیم کرنے والے حلیم عادل شیخ بتائیں کہ سات سالوں میں خیبر پختونخواہ میں صحت کا کونسا انقلاب برپا کیا ہے۔ صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ نا اہل اور کرپٹ ٹولے نے ملک کا جو حال کیا ہے وہ سب کے سامنے ہے، انہوں نے اب پنجاب کو بھی تباہی سے دوچار کر دیا ہے، پنجاب کے عوام بھی اب نیازی حکومت سے تنگ آچکے ہیں۔ عوامی رد عمل کو دیکھ کر اب یہ کرپٹ ٹولہ گھبرا گیا ہے۔ صوبائی زیر تیمور تالپور نے کہا کہ نا اہل ٹولے نے عوامی ردعمل سے گھبرا کر آئین اور صوبوں کے خلاف سازشیں شروع کر دی ہیں، پیپلز پارٹی، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں حکومت کے تمام ناپاک عزائم کا ڈٹ کر مقابلہ کرے گی اور پاکستان کے آئین اور پاکستان کی عوام کے خلاف ہونے والی تمام اندرونی و بیرونی سازشوں کو ناکام بنائے گی