حکومت نے کل سے مساجد کھولنے کی اجازت دے دی

سعودی حکومت نے مسلمانوں کو بڑی خوشخبری سنا دی ، کورونا کے پھیلاؤ کی روک تھام کے پیش نظر گزشتہ تین ماہ سے مکہ مکرمہ کی بند ہونے والی مساجد کو دوبارہ کھولنے کی اجازت دے دی گئی ہے ۔ سعودی وزارت مذہبی امور نے ایک بیان میں کہا کہ مساجد کو دوبارہ کھولنے کےلئے احتیاطی تدابیر اختیار کی جائیں گی، جن میں اس بات کو یقینی بنایا جائے گا کہ نمازی جائے نماز اپنے ساتھ لائیں گے اور صفوں میں مناسب فاصلہ رکھیں گے ۔ نماز کے دوران سماجی فاصلے کو یقینی بنانے کےلئے مساجد میں نشانات لگا دیئے گئے ہیں۔ رضاکار مساجد میں داخل ہونے پر نمازیوں کو حفاظتی اقدامات سے بھی آگاہ کریں گے۔ حفاظتی اقدامات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام مساجد میں جراثیم کش اسپرے بھی کیا جائے گا۔
دوسری جانب سعودی وزارت سیاحت نے بھی 21 جون سے ملک بھر میں سیاحت کا شعبہ مکمل طور پر بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ عالمی وبا کورونا وائرس کے باعث دنیا بھر کے بیشتر ممالک نے لاک ڈاؤن نافذ کیے رکھا جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر کاروبار اور دیگر سرگرمیاں معطل رہیں۔
واضح رہے کہ دنیا بھر میں کورونا کے وارجاری ، کورونا سے دنیا بھرمیں 4 لاکھ 62ہزار سےزائد افراد جان سے ہاتھ دھوبیٹھے مریضوں کی تعداد 87 لاکھ سےتجاوزکر گئی ۔

Courtesy gnn news