شاہد آفریدی آئیسولیشن میں کس کو مس کررہے ہیں؟

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سے انہوں نے خود کوگھر میں آئیسولیٹ کرلیا ہے، شاہد آفریدی کا کہنا ہے کہ اس دوران وہ اپنی سب سے چھوٹی بیٹی کو بہت زیادہ یاد کررہے ہیں۔

تصویر اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر شاہد آفریدی کی ایک ویڈیو منظر عام پر آئی ہے جس میں انہوں نے اس بات کا ذکر کیا ہے کہ وہ آئیسولیشن میں سب سے زیادہ اپنی چھوٹی بیٹی ’عروہ‘ کو یاد کررہے ہیں
شاہد آفریدی نے اپنے فون کا کیمرا عروہ کی طرف گھماتے ہوئے کہا کہ میں اسے کافی دنوں سے بہت زیادہ مس کررہا ہوں، میں بالکل اس کی قریب جا ہی نہیں پا رہا اور یہ میرے لیے سب سے زیادہ تکلیف دہ چیز ہے۔

اپنی ویڈیو میں انہوں نے تمام بیماروں کے لیے دعائیہ کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو شفائے کاملہ عطا فرمائے، انشااللہ بہت جلد پھر آپ سب سے ملاقات ہوگی۔

واضح رہے کہ 13جون کو شاہد آفریدی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بتایا تھا کہ ’جمعرات سے میری طبیعت ناساز ہے اور میرے جسم میں بھی شدید درد ہو رہا تھا جس کے بعد میں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا
شاہد آفریدی نے لکھا کہ ’بدقسمتی سے میرے کورونا ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے ہیں۔‘

دو روز قبل شاہد خان آفریدی نےاپنے فینز کے لیے سوشل میڈیا پر لائیو بیان بھی جاری کیا تھا جس میں انہوں نے کہا تھا کہ کورونا وائرس کے لاحق ہونے کے بعد شروع کے دو تین روز مشکل تھے، لیکن اب کافی بہتر ہوں۔

اس کے علاوہ انہوں نے اپنے چاہنے والوں کو کورونا سے بچاو کے لیے ادرک کی چائے اور اسٹیم کا مشورہ بھی دیا تھا اور کہا کہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نہ نکلیں، فینز نے مجھے دعاؤں میں یاد رکھا جس کے لیے سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں