میلبورن کی سڑکیں پاکستانی لیجنڈ کرکٹرز کے نام سے منسوب

آسٹریلوی ریاست وکٹوریہ کے گنجان آباد شہر میلبورن کی سڑکیں دنیائے کرکٹ میں عالمی شہرت یافتہ پاکستانی کھلاڑیوں کے نام سے منسوب کر دی گئی ہیں۔

آسٹریلیا کے شہر میلبورن کی سڑکوں کے نام پاکستانی کھلاڑیوں کے ناموں سے منسوب کرنے کی اطلاع آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان ڈاکٹر جیوفری شا نے ٹوئٹر پر دی۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری اپنے ایک پیغام میں آسٹریلیا کے ہائی کمشنر برائے پاکستان ڈاکٹر جیوفری شا نے کہا کہ آسٹریلیا کی سڑکیں پاکستان کے لیجنڈ کھلاڑیوں کے نام سے منسوب دیکھ کر خوشی ہوئی ہے
میلبورن میں ایک نئے ہاؤسنگ اسٹیٹ کی سڑکیں دنیائے کرکٹ کے بڑے کھلاڑیوں کے نام کی گئی ہیں، جن میں پاکستان کے لیجنڈ کرکٹرز بھی شامل ہیں۔

پاکستان کے جن لیجنڈ کھلاڑیوں کے نام سے آسٹریلوی شہر میلبورن کی سڑکیں منسوب کی گئی ہیں ان میں سابق کرکٹ کپتان اور پاکستان کے موجودہ وزیراعظم عمران خان اور دنیائے کرکٹ میں اپنی بیٹنگ کی وجہ سے عالمی شہرت حاصل کرنے والے جاوید میاں داد شامل ہیں۔

میلبورن کی سڑکیں اپنے نام سے منسوب کروانے والے کھلاڑیوں میں شہرہ آفاق پاکستانی کرکٹرز وسیم اکرم، انضمام الحق اورشعیب اختر بھی شامل ہیں۔

ہائی کمشنر ڈاکٹر جیو فری شا نے کہا کہ یہ پاکستان اورآسٹریلیا کے دوستانہ تعلقات اور کھیل کے ذریعے جڑے رہنے کی طاقت کی نشانی ہے۔

واضح رہے کہ یہ سڑکیں ملٹن سٹی کونسل کے راک بینک مضافات میں واقع ہیں، پراپرٹی ڈیولپر ورون شرما نے بتایا کہ سڑکوں کے نام کھلاڑیوں سے منسوب کیے جانے کے بعد لوگوں کی اس پروجیکٹ میں دل چسپی دگنی ہو گئی