سوشانت سنگھ کی موت پر فیصل قریشی کا معنی خیز پیغام

پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار و میزبان فیصل قریشی کی جانب سے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد ایک معنی خیز پیغام سامنے آیا ہے۔

تین روز قبل گلے میں پھانسی کا پھندہ ڈال کر خودکشی کرنے والے 34 سالہ نوجوان بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت کے بعد سے سوشل میڈیا پر ٹرینڈ چل رہا ہے جس میں صارفین اُن کے بارے میں جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آخر سوشانت سنگھ کی موت کی وجہ کیا تھی۔

اِسی حوالے سے پاکستان کے نامور اداکار و میزبان فیصل قریشی نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام جاری کیا ہے جس میں اُنہوں نے لکھا کہ ’کسی انسان کے مرنے کے بعد ہم اس کے بارے میں جتنا جانتے ہیں کاش ہم اُس کی زندگی میں اُس سے آدھا ہی اُس انسان کو جان لیتے۔‘
فیصل قریشی نے لکھا کہ ’اِس طرح تو ہمارے کندھے جنازے نہیں بلکہ کسی انسان کی مُسکراہٹ کے پیچھے چھپے آنسو ہی تلاش کر سکیں گے۔‘

اُن کے اس ٹوئٹ پر معروف اداکار اعجاز اسلم نے بھی اتفاق کرتے ہوئے لکھا کہ ’آپ نے بالکل ٹھیک کہا ہے
یاد رہے کہ اس سے قبل معروف اداکارہ حرا مانی نے اپنی ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں کہا تھا کہ جب کوئی ہمارے درمیان موجود ہوتا ہے تو ہمیں اس کی قدر نہیں ہوتی لیکن لوگوں کے دنیا سے چلے جانے کے بعد ہمیں اُن کی قدر ہوتی ہے۔

واضح رہے کہ سوشانت سنگھ کی خودکشی کے واقعے کی تحقیقات کے دوران پولیس کو ان کے گھر سے کچھ دستاویزات موصول ہوئے تھے جن کے مطابق سوشانت سنگھ ڈپریشن کا علاج کروا رہے تھے اور اُن کے قریبی دوستوں کا بھی کہنا تھا کہ اداکار ذہنی تناؤ کا شکار تھے لیکن ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اُن کے ڈپریشن کی وجہ کیا تھی