کسی کے چلے جانے کے بعد ہمیں اُس کی قدر ہوتی ہے: حرا مانی

اداکارہ حرا مانی کا کہنا ہے کہ جب کوئی ہمارے درمیان موجود ہوتا ہے تو ہمیں اس کی قدر نہیں ہوتی لیکن لوگوں کے دنیا سے چلے جانے کے بعد ہمیں اُن کی قدر آجاتی ہے۔

حالیہ سوشل میڈیا پیغام میں اداکارہ نے لوگوں سے رحم اور عاجزی اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے لکھا کہ جس کے دل میں رحم ہوتا ہے اس کے دل میں خدا ہوتا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر حرا مانی نے ایک فکر انگیز اور سوچ بچار پر مائل کرنے والی ایک طویل پوسٹ شیئر کی جس میں اُن کا کہنا تھا کہ ایسا کیوں ہوتا ہے کہ جب کوئی چلا جاتا ہے تو پھر اُس کی قدر ہوتی ہے؟

انہوں نے سوالیہ انداز اپناتے ہوئے لکھا کہ ایسا کیوں ہوتا کہ جب وہ ہمارے درمیان ہوتا ہے تو اُس کی اچھائی اور خوشی سے ہمیں خوشی نہیں ہوتی؟ اور جب وہ اپنی خوشیاں بتا رہا ہوتا ہے تو ہم اُس کو اس کی ہنسی سے جانچ رہے ہوتے ہیں
حرا مانی کا اپنے پیغام میں کہنا تھا کہ ہم کیوں اتنے ظالم، جھوٹے اور خود غرض ہو گئے ہیں، کیوں ہم اپنے آگے کسی کی کامیابی کو قبول نہیں کرتے اور کیوں ہم دوسروں کی جدوجہد کو آسان اور اپنی چھوٹی سی کاوش کو بڑا سمجھتے ہیں۔

اداکارہ نے لکھا کہ ہم اپنی ذات اور اپنی زندگی سے کب باہر آئیں گے؟ انہوں نے کہا کہ صرف خود کو ہی نہیں بلکہ دوسروں کو بھی پیار کی ضرورت ہوتی ہے۔

اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے لوگوں سے رحم دلی اختیار کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اپنے دل میں رحم رکھیں کیونکہ جس کے دل میں رحم ہوتا ہے اس کے دل میں خدا ہوتا ہے۔

پوسٹ کے کیپشن میں اداکارہ نے خدا باری تعالیٰ سے دعا کی کہ اللہ جب کسی کو کامیابی دے تو ساتھ میں دل کو بھی نرم رکھے