وزیراعظم نے پاکستان ٹیم کو دورۂ انگلینڈ کی اجازت دے دی

وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو دورۂ انگلینڈ کی اجازت دے دی، قومی کرکٹ ٹیم جولائی میں انگلینڈ جائے گی۔

چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے وزیر اعظم سے ملاقات میں انہیں کرکٹ بورڈ کے مالی معاملات اور دیگر اہم امور پر بریفنگ دی، وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ عالمی وبا کورونا وائرس کے دنوں میں پی سی بی سے کسی کو بھی ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی سے گفتگو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کورونا وائرس کے باعث کرکٹ سمیت کھیلوں کی تمام سرگرمیاں معطل رہی ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ کھیل کے میدان جلد آباد ہوں اور کھیلوں سے محبت کرنے والے اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں کو جلد ایکشن میں دیکھ سکیں۔

ملاقات میں چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے کرکٹ بورڈ میں ہونے والی تبدیلیوں پر وزیر اعظم کو اعتماد میں لیا اور بورڈ کے مالی معاملات، ڈومیسٹک، انٹرنیشنل کرکٹ سمیت دیگر امور پر بریفنگ دی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے ہدایت کی کہ پی سی بی کے معاملات شفاف طریقےسے چلائے جائیں اور عالمی وبا کورونا وائرس کے دنوں میں کسی کو بھی پی سی بی میں ملازمت سے فارغ نہ کیا جائے۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز اگست ستمبر میں شیڈول ہے