سوشانت سنگھ کی موت پر بالی ووڈ فنکار حیرت زدہ

گزشتہ روز خودکشی کرنے والے نوجوان بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت پر بالی ووڈ فنکاروں کی جانب سے شدید حیرانگی اور افسردگی کا اظہار کیا جارہا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بھارتی فلم اسٹار اکشے کمار نے لکھا کہ ’سوشانت سنگھ کی موت کی خبر واقعی دل دہلا دینے والی ہے، یہ ہولناک خبر سُن کر میں چونک گیا ہوں
اکشے کمار نے لکھا کہ ’مجھے یاد ہے کہ میں سوشانت سنگھ کی فلم ’چھچھورے‘ دیکھ رہا تھا اور میں نے اپنے دوست اور فلم کے پروڈیوسر ساجد سے کہا تھا کہ کاش میں بھی اس فلم کا حصہ ہوتا کیونکہ وہ فلم بہت زبردست تھی اور جس طرح سے سوشانت نے اپنا کردار نبھایا، بہت ہی شاندار تھا۔‘

بھارتی اداکار نے لکھا کہ ’میری دُعا ہے کہ اس باصلاحیت اداکار کے اہل خانہ کو اس مشکل گھڑی میں طاقت اور ہمت ملے
بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سوشانت سنگھ کی موت کی خبر سُن کر دنگ رہی گئی ہوں کہ اچانک یہ کیا ہوگیا ہے
پریانکا چوپڑا نے لکھا کہ ’میرا دوست بہت جلدی اِس دُنیا سے چلا گیا ہے، اسے کبھی نہیں بھولوں گی اور سوشانت سنگھ کے لواحقین سے دلی تعزیت کرتی ہوں۔‘

عالیہ بھٹ نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’میں اس وقت شدید صدمے سے دوچار ہوں مجھے سمجھ نہیں آرہا کہ میں کیا کہوں، میرے پاس کہنے کو الفاظ نہیں ہیں۔
اداکار نے سوشانت سنگھ کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا۔

سنجے دت نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میرے پاس کہنے کو کچھ نہیں ہے بس اتنا کہوں گا کہ سوشانت سنگھ کی موت کی خبر سُن کو حیران رہ گیا ہوں۔
بھارتی اداکارہ سوارا بھاسکر نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ’سوشانت سنگھ کی موت کی خوفناک خبر سُن کر مجھے یقین نہیں آرہا کہ کیا واقعی میں یہ سچ ہی ہے
سوارا بھاسکر نے لکھا کہ ’سوشانت سنگھ ایک کمال اداکار تھے، نہ جانے اتنے عرصے سے اُن پر کیا گُزر رہی تھی کہ اُنہوں نے اتنا بڑا قدم اُٹھایا، میری اُن کے لواحقین سے دلی تعزیت ہے۔‘

روینا ٹنڈن نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’سوشانت سنگھ کی موت کی خبر سُن کر حیرت زدہ ہوں، وہ ایک نوجوان اور باصلاحیت اداکار تھے ابھی تو اُن کے پاس اپنی صلاحیتیں دُنیا کو دکھانے کا بہت وقت تھا
یاد رہے کہ بھارتی اداکار سوشانت سنگھ نے گزشتہ روز خودکشی کی، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے۔

سوشانت سنگھ نے بالی ووڈ میں اپنے کیرئر کا آغاز حالیہ برسوں میں ہی کیا تھا اور ان چند برسوں میں اُنہوں نے بہت سی کامیاب فلمیں کی ہیں۔

اُنہوں نے بھارتی کرکٹر مہندر سنگھ دھونی کی زندگی پر بننے والی فلم میں ایم ایس دھونی کا کردار ادا کیا تھا، اِس کے علاوہ اُنہوں نے عامر خان کی مشہور فلم ’پی کے‘ میں پاکستانی لڑکے سرفراز کا کردار نبھایا تھا۔

سوشانت سنگھ کی مشہور فلموں میں پی کے، ایم ایس دھونی (دی ان ٹولڈ اسٹوری)، چھچھورے، ڈٹیکٹو بیو مکیش بخشی اور کائی پوچے جیسی فلمیں شامل ہیں