سوشانت سنگھ کی موت پر پاکستانی فنکار بھی غمزدہ

گزشتہ روز خودکشی کرنے والے 34سالہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ کی موت پر جہاں بھارتی فلم انڈسٹری غمزدہ ہے تو وہیں پاکستانی فنکاروں نے بھی سوشانت سنگھ کی موت کو افسوسناک قرار دیتے ہوئے شدید افسوس کا اظہا ر کیا ہے۔

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی صف اول اداکارہ ماہرہ خان نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے بھارتی اداکار سوشانت سنگھ کی موت پر شدید غم کا اظہار کیا ہے
صبا قمر نے لکھا کہ ’سوشانت سنگھ کی موت کی خبر سُن کر حیران ہوں، اِس خوفناک خبر نے دل توڑ دیا ہے
اداکارہ نے لکھا کہ ’سوشانت سنگھ زندگی سے بھر پور اور ایک خوش مزاج انسان تھے، میں اب بھی ان کی موت پر یقین نہیں کرسکتی ۔
ماورا حسین نے اپنے ٹوئٹ میں سوشانت سنگھ کی موت پر افسردگی کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’ہم سب کو ایک دوسرے کے ساتھ اچھے سے پیش آنا ہوگا، ذہنی دباؤ کے شکار اپنے دوستوں کی مدد کرنی ہوگی اور ہمیں ایک دوسرے کی زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔‘
علی ظفر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا کہ ’واقعی سوشانت سنگھ کی موت کی خبر دل دہلا دینے والی ہے، وہ ایک خوشگوار اور قابل اداکار تھا۔
اعجاز اسلم اور مایا علی نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسٹوری شیئر کرتے ہوئے بھارتی اداکار کی موت پر شدید غم کا اظہار کیا ہے
یاد رہے کہ 34 سالہ بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت نے گزشتہ روز گلے میں پھندہ لگا کر خودکشی کی، بھارتی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ اداکار سوشانت سنگھ راجپوت ممبئی کے علاقے باندرہ میں واقع اپنے گھر میں مردہ حالت میں پائے گئے