شاہد آفریدی سے نفرت کا اظہار کرنے والے بھارتیوں پر آکاش چوپڑا برہم

عالمگیر وبا کورونا کا شکار پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی صحت کے حوالے سے نفرت انگیز جملے اور تبصرے شیئر کرنے والے بھارتیوں پر سابق بھارتی اوپننگ بیٹسمین آکاش چوپڑا نے اظہار برہمی کیا ہے
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جہاں دنیا بھر کی معروف شخصیات شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کے حوالے سے دعا گو ہیں وہیں بھارتی صارفین اپنی نفرت انگیزی کو یہاں بھی استعمال کرتے نظر آئے۔

بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے اخلاقیات کو پس پشت ڈال کر شاہد آفریدی کے ٹوئٹ پر رد عمل دیا، صارفین شاہد آفریدی کے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبر کو خوش کن قرار دے رہے تھے تو کچھ صارفین کا کہنا تھا کہ اب آفریدی کو اپنی جان بچانے کیلئے بھارت سے وینٹیلٹرز منگوانے پڑیں گے۔

متعصب بھارتی صارفین یہ بھی کہتے دکھائی دیئے کہ کورونا ہی شاہد آفریدی کو ان کے کئے کی سزا دے سکتا ہے اور سبق سکھا سکتا ہے۔

بھارت کے سابق کرکٹر آکاش چوپڑا نے اپنے تصدیق شدہ اکاؤنٹ سے ایک ویڈیو کا اسکرین شاٹ شیئر کرتے ہوئے تعصب پسند بھارتیوں کو جواب دیا اور بھارتیوں کے اس ردعمل پر افسردگی کا اظہار کیا۔
انہوں نے لکھا کہ کیا واقعی ہم سنجیدہ ہیں، کیا نزاکت اور انسانیت ماضی کی چیزیں ہوچکی ہیں؟

آکاش چوپڑا کے اس ٹوئٹ سے اندازہ ہوتا ہے کہ بھارتیوں کے ایسے رویے پر وہ خود بھی شرمندہ ہیں
انہوں نے اپنے ٹوئٹ میں شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کیلئے دعا بھی کی۔

سابق بھارتی کرکٹر گوتم گھمبیر نے بھی تمام متنازع بیانات کو نظر انداز کرتے ہوئے اپنے ایک انٹرویو میں شاہد آفری کی جلد صحتیابی اور مستقبل میں فلاحی کاموں کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا