پاکستانی شہریوں کی کویت سے واپسی کے لیے کوششیں تیزِ ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر

پاکستانی شہریوں کی کویت سے واپسی کے لیے کوششیں تیزِ ، سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر
پاکستان کے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس کی وبا کے سبب کویت میں پھنسے ہوئے پاکستانی تارکین وطن کی واپسی کا معاملہ متعلقہ وزراء کے سامنے اٹھایا ہے۔


سپیکر قومی اسمبلی کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق سپیکر نے یہ معاملہ وزیر برائے ہوا بازی چوہدری غلام سرور اور وزیر داخلہ اعجاز شاہ کے علاوہ وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز زلفی بخاری کے سامنے اُٹھایا ہے اور ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کے ذریعے کویت اور پاکستان کے مابین ہفتہ وار خصوصی پروازیں شروع کرنے کا کہا ہے۔
کورونا وائرس کی وبا کی وجہ سے کویت میں مقیم پاکستانی تارکین وطن کی ایک کثیر تعداد ملک واپس آنے کا ارادہ رکھتی ہے، ان تارکین وطن کی جانب سے کویت سے خصوصی پروازوں کے باقاعدہ آپریشن کے اجراء کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ تارکین وطن کی ایک بڑی تعداد ایسی بھی ہے جنہیں اپنے علاقوں میں علاقائی پاسپورٹ کے دفاتر کی عدم موجودگی میں اپنی سفری دستاویزات کی تجدید کے لیے طویل سفر کرنا پڑتا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے تارکین وطن کی پریشانیوں کے تدارک کے لئے علاقائی پاسپورٹ دفاتر کا معاملہ وزیر داخلہ کے ساتھ بھی اٹھایا تاکہ علاقائی پاسپورٹ دفاتر کے نیٹ ورک کو بڑھایا جاسکے اور غریب تارکین وطن کی حقیقی شکایات کا مداوا کیا جا سکے۔