محمد حفیظ، شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کیلئے دعاگو

قومی کرکٹر محمد حفیظ نے کورونا وائرس کا شکار ہونے والے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کی ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر محمد حفیظ نے شاہد آفریدی کی صحتیابی کے لیے دُعائیہ پیغام جاری کرتے ہوئے لکھا کہ’ آپ ایک فائٹر ہیں اور ہمیں اِس بات کا یقین ہے کہ آپ بہت جلد اس وائرس کو شکست دینے میں کامیاب ہوجائیں گے۔‘

محمد حفیظ نے لکھا کہ ’میری نیک خواہشات اور دُعائیں آپ کے ساتھ ہیں۔‘

دوسری جانب قومی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹسمین کامران اکمل نے شاہد آفریدی کے ٹوئٹ پر جواب دیتے ہوئے لکھا کہ ’انشاءاللّہ آپ بہت جلد ٹھیک ہوجائیں گے۔‘

فاسٹ بولر سہیل تنویر نے شاہد آفریدی کے ٹوئٹ کے جواب میں لکھا کہ ’لالا آپ بہت جلد صحتیاب ہوجائیں گے۔‘

اسپورٹس پریزنٹر زینب عباس نے بھی شاہد آفریدی کی صحتیابی کے لیے دعائیہ پیغام لکھا۔

یاد رہے کہ شاہد آفریدی نے مداحوں کو اپنے کورونا ٹیسٹ کے نتائج سے آگاہ کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ جمعرات سے اُن کی طبیعت ناساز تھی جس کے بعد اُنہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا جو کہ مثبت آیا
شاہد آفریدی نے اپنے چاہنے والوں سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے دُعا کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہ شاہد آفریدی لاک ڈاؤن کے آغاز سے فلاحی کاموں میں مصروف رہے، انہوں نے ملک کے مختلف علاقوں میں عوام میں راشن اور دیگر سامان تقسیم کیا تھا