سابق کپتان شاہد آفریدی کورونا وائرس کا شکار

قومی ٹیم کے سابق کپتان اور عالمی شہرت یافتہ آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کورونا وائرس کا شکار ہو گئے ہیں۔

انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کورونا سے متاثر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ میں چند دنوں سے اچھا محصوس نہیں کر رہا تھا اور میرے جسم میں بہت درد تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اس کے بعد میں نے کورونا کا ٹسیسٹ کرایا جو جو بدقسمتی سے مثبت آیا۔

شاہد آفریدی نے کہا کہ مجھے جلد صحیتیابی کے لیے آپ سب کی دعاؤں کی اشد ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ کورونا وائرس کی وبا پھیلنے کے بعد سے سے سابق کپتان اپنی فلاحی تنظیم شاہد آفریدی فاؤنڈیشن کے ذریعے غریب و نادار طبقے کی مدد کے لیے مسلسل ملک کے مختلف صوبوں اور دور دراز علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔

شاہد آفریدی نے اپنے فلاحی کاموں کے سلسلے میں خٰبر پختونخوا کے قبائلی علاقہ جات، آزاد جموں و کشمیر، بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کا دورہ کیا تھا اور وہاں مستحق افراد میں امداد تقسیم کی تھی۔

گزشتہ دنوں شاہد آفریدی بلوچستان کے دورے پر تھے جہاں ان کی ایک بچے کو جوتے پہناتے ہوئے تصویر سوشل میڈیا پر وائرس ہو گئی تھی اور لوگوں نے ان کے اس اقدام کو بہت سراہا تھا۔

جب کورونا وائرس کی وبا ملک بھ میں پھیلنا شروع ہوئ تھی تو سابق مایہ ناز آل راؤنڈر نے تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کی مشروط پیشکش کی تھی۔

انہوں نے کہا تھا کہ اگر انہیں راشن اور فنڈز دیے جائیں تو وہ تمام برانڈز کے ساتھ مفت کام کرنے کے لیے تیار ہیں۔

شاہد آفریدی اور ان کی فاؤنڈیشن کی انہی کاوشوں کو دیکھتے ہوئے سابق بھارتی کرکٹرز یوراج سنگھ اور ہربھجن سنگھ نے ان کی فاؤنڈیشن کے لیے عطیات دینے کا اعلان کیا تھا۔

گزشتہ ہفتے کوئٹہ چیمبر آف کامرس انڈ انڈسٹریز میں خطاب کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا تھا کہ ان کا مستقبل میں سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں اور ان کے فلاحی کاموں کو سیاسی رنگ نہ دیا جائے۔

انہوں نے کہا تھا کہ میں سیاست کا مقصد حقدار کو اس کا حق دینا سمجھتا ہوں اور وہ سیاست میں کر رہا ہوں۔