راحت فتح علی خان کے نئے دعائیہ کلام کی جھلک ریلیز

سروں کے سلطان راحت فتح علی خان نے اپنی دل میں اُتر جانے والی پر سوز آواز میں دعائیہ کلام’اے خدا ہمیں بخش دے‘کی ایک جھلک ریلیز کردی۔

دعائیہ کلام ’اے خدا ہمیں بخش دے‘ پورا جمعہ کے مبارک دن دنیا بھر میں ریلیز کیا جائے گا۔ اس کلام کو قمر علی واجد ناشاد نے لکھا ہے جبکہ اس کی موسیقی نوید علی ہاشمی نے ترتیب دی ہے اور انٹرنیشنل میوزک پروڈیوسر سلمان احمد نے اسے پروڈیوس کیا ہے۔

عالمی شہرت یافتہ گائیک استاد راحت فتح علی خان نے’اے خدا ہمیں بخش دے‘ کو موجودہ صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے سروں میں ڈوب کر گایا ہے۔اس کلام میں ان کی آواز کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے۔ صوفیانہ، عارفانہ اور دعائیہ کلام انہوں نے اس طرح گایا ہے کہ ان کی آواز سماعتوں کے ذریعے سیدھی دل میں اُتر جاتی ہے
واضح رہے کہ استاد راحت فتح علی خان نے کئی بڑے اعزاز اپنے نام کیےہیں۔ راحت فتح علی خان نے اس گھرانے میں آنکھ کھولی جو جنوبی ایشیائی روایتی موسیقی کی پہچان سمجھا جاتا ہے، 7 سال کی عمر میں ان کی باقاعدہ تربیت کا آغاز ہو گیا تھا ، اب تک ان کے 50 سے زائد البم ریلیز ہوچکے ہیں۔

یہی نہیں وہ دنیا بھر میں مختلف بڑے کانسرٹس میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں اور انہیں عالمی شہرت حاصل ہے جبکہ وہ آن لائن ایک ارب ویوز حاصل کرچکے ہیں۔ راحت فتح علی خان ٹیلی ویژن سیریلز کے 50 سے زائد ٹائٹل ٹریک اور 100 سے زائد فلموں کے گیت گا چکے ہیں۔

آکسفورڈ یونی ورسٹی کی جانب سے ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دینے کی تقریب 26 جون2019 کو منعقد ہوئی جس میں انہیں صوفیانہ موسیقی کے شعبے میں ڈاکٹریٹ کی ڈگری سے نوازا گیا۔

اس سے قبل 2016ء میں آکسفورڈ یونیورسٹی نے راحت فتح علی خان کی قوالیوں اور کلاسیکل موسیقی کی خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا تھا ۔