یونس خان کی بیٹنگ کوچ تقرری خوش آئند ہے:اظہر، بابر

ٹیسٹ کپتان اظہر علی اور بابر اعظم نے یونس خان کی بطور بیٹنگ کوچ تقرری کو خوش آئند قرار دیا ہے۔

دورۂ انگلینڈ کے لئے یونس خان کو بیٹنگ کوچ اور مشتاق احمد کو اسپن بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے، دونوں کی تقرری پر قومی کرکٹرز نے خوشی کا اظہار کیا ہے۔

ٹیسٹ کپتان اظہر علی کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کی سیریز میں دباؤ ہوگا، یونس خان کے تجربے سے فائدہ ہوگا ، انہوں نے کہا وہ خوش قسمت ہیں کہ یونس خان کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کا موقع ملا۔

ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی کپتان بابر اعظم کا کہنا ہے کہ مصباح الحق اور یونس خان جیسے کھلاڑیوں کا ساتھ خوش آئند ہے، دونوں کے تجربے سے فائدہ اٹھائیں گے ۔

ٹیسٹ اوپنر شان مسعود کا کہنا ہے کہ یونس خان کے ساتھ ہمیشہ استاد اور شاگرد کا تعلق رہا ہے ، لیگ اسپنر مشتاق احمد کی تعریف کرتے ہوئے یاسر شاہ کا کہنا ہے کہ مشتاق ان کے مینٹور ہیں ان کی رہنمائی میں انگلینڈ کے خلاف سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے۔

واضح رہے کہ قومی کرکٹ ٹیم دورۂ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے گی