او آئی سی کا اسرائیل سے فلسطینی علاقوں کا الحاق روکنے کا مطالبہ

مسئلہ فلسطین پر او آئی سی کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس طلب کیا گیا جس میں وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے ویڈیو لنک کے ذریعے پاکستان کی نمائندگی کی۔

فلسطین کے وزیر خارجہ کی درخواست پر او آئی سی جنرل سیکریٹریٹ کے طلب کردہ اجلاس میں او آئی سی کے رکن ممالک کے وزراخارجہ اور نمائندوں نے شرکت کی
اجلاس میں ریاست فلسطین کے 1967 میں قبضہ کردہ حصوں کو اسرائیلی قابض حکومت کی جانب سے اپنے اندر ضم کرنے کی دھمکیوں پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے اعلامیہ میں کہا گیا کہ فلسطینی علاقوں کو اسرائیل میں شامل کرنے کی دھمکی اب تک کے تمام معاہدوں کی منسوخی کے سرکاری اعلان کے مترادف مانی جائے گی۔

اعلامیہ میں یہ بھی کہا گیا کہ اسرائیل کے کسی بھی ایسے اقدام کا مطلب یہ لیا جائے گا کہ وہ مذاکرات کے ذریعے تنازع کے تصفیہ پر حرف تنسیخ پھیر رہا ہے۔ اسرائیل کا یہ اقدام استعماری پالیسی شمار ہوگی۔

وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے عالمی طے شدہ حدود کی بنیاد پر 1967 سے قبل کی سرحدوں اورالقدس الشریف دارالحکومت کی حامل خودمختار، قابل عمل اور متصل ریاست فلسطین کے قیام کے پاکستان کے مطالبہ کو دہرایا

Courtesy hum news