بیٹنگ کوچ مقرر ہونے پر یونس خان PCB کے شُکر گزار

قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان یونس خان نے دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کا بیٹنگ کوچ مقرر ہونے پر پاکستان کرکٹ بورڈ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر یونس خان نے ماضی کی اپنی ایک یادگار تصویر شیئر کی جس میں وہ ٹیسٹ میچ کی کٹ میں اسٹیڈیم میں موجود ہیں
ٹوئٹر پر تصویر شیئر کرتے ہوئے یونس خان نے بیٹنگ کوچ مقرر ہونے پر پی سی بی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ’مجھے ایک بار پھر پاکستان کرکٹ کے لیے اپنی خدمات سرانجام دینے کا موقع ملا ہے اور اِس موقع پر میرے جو جذبات و احساسات ہیں اُس سے بہتر میرے لیے کوئی احساس نہیں۔‘

یونس خان نے کہا کہ ’یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ مجھے بیٹنگ کوچ کی حیثیت سے ڈریسنگ روم میں واپس آنے کا موقع ملا ہے
اُنہوں نے کہا کہ ’میں باصلاحیت کھلاڑیوں سے بہترین پرفارمنس کا مظاہرہ کروانے میں کسی قسم کی کوئی کسر نہیں چھوڑوں گا۔‘

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں پاکستان کے سب سے کامیاب بیٹسمین اور سابق کپتان یونس خان کو دورہ انگلینڈ کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا بیٹنگ کوچ تعینات کردیا ہے۔
اِس موقع پر پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کا کہنا تھا کہ مجھے خوشی ہے کہ یونس خان جیسے قد آور اور شاندار بیٹنگ ریکارڈ کے حامل کرکٹر نے اس اہم دورے کے لیے پاکستان کرکٹ کے ساتھ کام کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے