بجٹ میں کمزور طبقے کا پورا خیال رکھا جائےگا: وزیراعلی پنجاب

ریسورس موبلائزیشن کمیٹی کا خصوصی اجلاسں منعقد ہوا،جس میں صوبے کے وسائل میں اضافہ کے حوالے سے مختلف تجاویز کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ دوران اجلاس وسائل میں اضافے کیلئے تجاویز کو حتمی شکل دینے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی ،سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان کمیٹی کے سربراہ ہوں گے،کمیٹی تجاویز کو حتمی شکل دے کر جامع پلان پیش کرے گی۔

اس موقع پر وزیراعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کے باعث غیر معمولی حالات سے گزر رہے ہیں،کمزور طبقے پر پہلے بوجھ ڈالا نہ آئندہ ڈالیں گے،ہمارا محور کمزور طبقے کا تحفظ ہے،بجٹ میں کمزور طبقے کا پورا خیال رکھا جائے گا،صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے منفرد طریقے سے اقدامات کئے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ عام آدمی کی مشکلات و ضروریات کو مد نظر رکھ کر اقدامات تجویز کئے جائیں،متعلقہ محکمے اپنے اہداف کے حصول کے حوالے سے جامع حکمت عملی وضع کریں،عوام کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بھرپور کوشش کی جائے، پنجاب وسائل کی دولت سے مالامال ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ ان وسائل سے حقیقی معنوں میں استفادہ کرکے معیشت کو مستحکم کیا جائے،صوبے کے مالی وسائل میں اضافے کیلئے نئے اقدامات پر توجہ دی جائے۔ معاشی سرگرمیاں تیز ہونے سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔

Courtesy gnn urdu