کرونا کی بگڑتی صورتحال، پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ منسوخ

اہور: کرونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ منسوخ کردیا گیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پی سی بی نے کرونا کی بگڑتی صورتحال کے پیش نظر قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ منسوخ کردیا، دورہ انگلینڈ سے قبل قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کو تربیتی کیمپ میں حصہ لینا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم کی انگلینڈ روانگی میں بھی تاخیر ہوسکتی ہے، پی سی بی جولائی کے اوائل میں ٹیم کی روانگی پر انگلینڈ بورڈ سے رابطے میں ہے۔

دورہ انگلینڈ سے قبل ٹیم کے کھلاڑیوں اور سپورٹ اسٹاف کا کرونا ٹیسٹ بھی لیا جائے گا۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کو بتادیا ہے کہ موجودہ حالات میں گراؤنڈ میں ٹریننگ نہیں کریں، کھلاڑی سماجی فاصلوں اور پروٹوکول پر سختی سے عمل کریں
واضح رہے کہ اس سے قبل پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ ریڈ اوروائٹ بال کے 25 کھلاڑیوں کو انگلینڈ لے کرجانے کا منصوبہ ہے،25 کھلاڑی جولائی کے پہلے ہفتے میں انگلینڈ کے لیے روانہ ہوں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا تھا کہ کھلاڑیوں کو انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ساتھ مزید بات چیت سے بھی آگاہ کیا جائے گا۔

چیف ایگزیکٹو وسیم خان کا کہنا تھا کہ آئندہ تین ماہ پاکستان کرکٹ ٹیم کو بائیو سیکیور انتظامات میں رہنا پڑے گا، کھلاڑیوں کے پاس دورے سے دستبرداری کا آپشن موجود ہوگا۔

پی سی بی نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں شامل کھلاڑیوں کی فیملی کے ہمراہ انشورنس یقینی بنائے گا۔