مزید 65 جاں بحق، شیخ رشید، شاہد خاقان، مریم اورنگزیب بھی متاثر؛نیوزی لینڈ نے وائرس کو شکست دیدی، لاک ڈائون ختم

اموات کی تعداد 2067 ہوگئی جبکہ 4728 نئے کیسز کے بعد مریضوں کی تعداد ایک لاکھ 3 ہزار671 ہوگئی، مسلم لیگ(ن) کے سینئر نائب صدر، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد،تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی جے پرکاش ، صوبائی وزیر اعجاز آگسٹن ، ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب، ان کی والدہ ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، ن لیگی رہنما طارق فضل چودھری، معروف عالم دین علامہ حسن ظفر نقوی اور ان کی اہلیہ بھی وائرس کی زد میں آگئے ۔اب تک پنجاب میں 38903، سندھ میں 38108، خیبر پختونخوا میں 13487، بلوچستان میں 6516 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوچکی، 34355 مریض صحت یاب ہوگئے ہیں۔پنجاب میں گزشتہ روز 32مریض زندگی کی بازی ہار گئے جبکہ 1813 نئے مریضوں میں کورونا کی تصدیق ہوئی۔صوبائی نائب صدر بلوچستان عوامی پارٹی سردار محمد ناصر کورونا کے باعث انتقال کرگئے ۔نشتر ہسپتال ملتان کی سینئر ڈاکٹر غزالہ بھی کورونا کا شکار ہوکر چل بسیں۔ملتان میں بصارت سے محروم افراد کی فلاح و بہبود کیلئے زندگی وقف کرنیوالے جواں سال قاضی نوید ممتاز،احمدپورشرقیہ میں کورونا کے دو کنفرم اور ایک مشتبہ مریض زندگی کی بازی ہا ر گئے ، ایس او پیز کے مطابق تدفین کردی گئی۔ڈولفن سکواڈ سٹی ہیڈ کوارٹرز لاہور میں تعینات اے ایس آئی عبدالحمید بھی کورونا وائرس کے باعث شہید ہوگئے ۔لاہور پولیس کے دو رو ز قبل شہید ہونے والے سب انسپکٹر عابد مختار کی کورونا رپورٹ مثبت آگئی جبکہ ان کی بیوہ، بیٹیوں اور بیٹے میں بھی وائرس کی تصدیق ہوگئی۔ لاہور پولیس کے ایس ایچ او لاری اڈہ شیخ عدنان سلطان، تھانہ غازی آباد کے اسد عباس ،باغبانپورہ کے محمد رضا ، ڈیفنس بی کے محمد اسد،ایس ایچ او مناواں نیئر نثار اور ایس ایچ او سرور روڈ شعیب خان بھی کورونا کا شکار ہونے کے بعد قرنطینہ میں چلے گئے ۔راولپنڈی پولیس کے اے ایس پی نیوٹائون عمران خان،ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز اظہر حسن،ڈی ایس پی سٹی سرکل اثر علی اور ایس ایچ او گوجر خان کا کورونا ٹیسٹ پازیٹو آگیا۔پبلک سروس کمیشن کے ممبر و سابق آئی جی پولیس امجد جاوید سلیمی،طارق محمود خان اورجمشید افتخار میں بھی کورونا کی تشخیص ہو گئی، شیڈول انٹرویو منسوخ کردیئے گئے ۔جناح ہسپتال لاہور کے مزید 13 ڈاکٹرز اور 4 نرسز میں کورونامثبت آگیا۔پنجاب فوڈ اتھارٹی میں کورونا کیسز کی تعداد 35 سے زائد ہوگئی، فوڈ اتھارٹی ہیڈ کوارٹرز سمیت تمام دفاتر بند کر دیئے گئے ۔علامہ اقبال انٹرنیشنل ائیرپورٹ لاہور پر مزید 10 ، پنجاب اسمبلی میں مزید 5 ملازمین کورونا کا شکار ہو گئے ۔چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ کے سیکرٹری کے بعد ریڈر محمد عمران خان کا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا۔سابق صوبائی وزیروجیہہ الزمان کے دوبیٹوں کے بعد3 بھانجے بھی وائرس کی زد میں آگئے ۔سندھ میں گزشتہ روز 29 اموات ہوئیں۔پیپلز پارٹی کے رکن سندھ اسمبلی شرجیل میمن کا کورونا کا تیسرا ٹیسٹ منفی آگیا، پہلے ایک ٹیسٹ منفی، ایک مثبت آیا تھا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ٹیسٹ بھی منفی آیا ہے ۔ادھر دنیا بھر میں مریضوں کی تعداد ساڑھے 71 لاکھ سے بڑھ گئی جبکہ ہلاکتیں 4 لاکھ9 ہزار ہوگئی ہیں۔بھارت میں کورونا وائرس کے یومیہ ریکارڈ کیسز کے باوجود کئی شہروں میں مالز اور مندر کھول دیئے گئے ۔ماسکومئیرسرگئی سوبیا نین نے آج سے لاک ڈائون ختم کرنے کا اعلان کردیا۔فلپائن میں طلبہ کی سکولوں میں واپسی کورونا ویکسین سے مشروط کردی گئی۔نیوزی لینڈ کی وزیر اعظم جسنڈا آرڈرن نے لاک ڈائون ختم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ میں اب کورونا کا کوئی مریض موجود نہیں ،اس کے باوجود ملکی سرحدیں بند ہی رہیں گی۔نیویارک شہر دوبارہ کھل گیا،چارلاکھ لوگ کام پر واپس لوٹ آئے ۔برطانیہ میں کورونا وائرس کے حوالے سے حکومت کے مشیر اور سائنسدان پروفیسر جان ایڈمنڈز نے کہا ہے کہ کاش! برطانیہ پہلے لاک ڈاؤن کر دیتا کیونکہ تاخیر کے باعث متعدد جانیں ضائع ہوئیں۔عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ کورونا 1870ء کے بعد پہلی بار عالمی معیشت کیلئے سنگین نقصانات کا باعث بنا ہے ، عالمی معیشت رواں برس 5.2فیصد سکڑ سکتی ہے اور یہ 80 سال میں بدترین کساد بازاری ہو گی۔دریں اثناء قائد حزب اختلاف شہباز شریف کے ایک اور کورونا ٹیسٹ کی رپورٹ منفی آگئی ۔ ذرائع کے مطابق شہباز شریف نے 3 جون کو لاہور ہائیکورٹ میں پیشی کے موقع پر بے پناہ رش کے باعث 4 جون کو کورونا ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کیا تھا جس کی رپورٹ منفی آئی ہے ۔

Courtesy 92 News Urdu