دنیا کی سب سے خوبصورت چیز مرد ہے

دنیا کی سب سے خوبصورت چیز مرد ہے. مرد صرف ایک ذات نہیں. مرد کے اندر پورا ایک کلچر سانس لیتا ہے. اس کی ایک ایک ادا وقت کا رخ متعین کرتی ہے. اسکے ماتھے پر بل پڑے تو ہوائیں دم سادھ لیتی ہیں یہ دیکھنے کے لیے اب کیا ہو گا.

اس کی مسکراہٹ پر زمانے جھومتے ہیں. اسکی باتیں خاندانی روایات، نئے جہانوں کی پرواز اور قربانیوں کی داستانیں سموئے ہوئے ہوتی ہیں. وہ بڑا جگرے والا دوست ہوتا ہے اور حوصلہ مند بیٹا.عمر بھر خاندانی عورتوں کے لاڈو و پیار سمیٹنے کی وجہ سے اس کا رویہ بچوں جیسا لاپروا اور بے نیاز سا ہوتا ہے جو اسکی شخصیت کی عجیب سی خوبی بن جاتا ہے. اسکے باوجود وہ اپنے خاندان کے لیے سخت صعوبتیں خندہ پیشانی سے برداشت کرتا ہے اور افف بھی نہیں کرتا. وہ اتنا کشادہ دل ہے کہ اپنے ساتھ ہونے والے ناروا سلوک پر بیٹھ کر چیخ و پکار نہیں کرتا بلکہ آگے بڑھ جاتا ہے اور عورت سمجھتی ہے اسے کوئی غم نہیں.. یہ بے حس اور عیاش ہے.
——–
فرید مغل