واسع چوہدری کورونا کا شکار ہوگئے

پاکستان شوبز انڈسٹری کے نامور اداکار و میزبان واسع چوہدری بھی عالمگیر وبا کورونا کا شکار ہوگئے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکار نے اپنے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اُن کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔
واسع چوہدری نے بتایا کہ انہیں کورونا کی کوئی علامات ظاہر نہیں ہوئی ہیں، اہلخانہ کا بھی کورونا ٹیسٹ کروایا سب کے نتائج منفی آئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ جن لوگوں سے حالیہ رابطے میں رہے ان کو بھی مطلع کردیا ہے تاکہ وہ بھی اپنا کورونا ٹیسٹ کروالیں یا ضرورت ہو تو خود ساختہ تنہائی اختیار کرلیں
واسع کے پیغام پر ساتھی اداکاروں کی جانب سے ان کی جلد صحتیابی کیلئے بڑی تعداد میں دعائیہ پیغامات شئیر کئے جارہے ہیں۔

اداکار فیصل قریشی، ماہرہ خان، مہوش حیات، ماورہ حسین، عثمان خالد بٹ، ہارون شاہد اور دیگر نے اپنے پیغامات میں واسع کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

واسع سے قبل جنون بینڈ کے سلمان احمد، ابرار الحق، سکینہ سمو اور روبینہ اشرف بھی اس وبائی مرض کا شکار ہوچکے ہیں