وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے 8513 ٹیسٹوں کے نتیجے میں 1447 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کے 8513 ٹیسٹوں کے نتیجے میں 1447 نئے کیسز کی تشخیص ہوئی ہے جبکہ 29 مزید مریض انتقال کرگئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 677 ہوگئی ہے۔ وزیراعلیٰ ہاؤس سے پیر کو جاری ایک بیان میں وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا ہےکہ انہوں نے ٹیسٹوں کی گنجائش کو بڑھا کر 8600 کردیا ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ہماری 99 فیصد آزمائشی صلاحیت کو بروئے کار لاتے ہوئے ہم نے 8513 نمونے ٹیسٹ کیے جس سے کورونا وائرس کے 1447 نئے کیسز سامنے آئے جوکہ 17 فیصد ہیں۔مراد علی شاہ کے مطابق رات کو مزید 29 مریضوں کی اموات ہوگئی جس سے اموات کی مجموعی تعداد 679 ہوگئی ہے جو کہ 1.7 فیصد بنتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں 19739 مریض زیر علاج ہیں ان میں سے 18263 گھر وں میں ، 60 آئسولیشن سینٹرز میں اور 1416 مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ 435 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے ان میں سے 83 وینٹی لیٹرزپر ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے ان کی جلد صحتیابی کے لئے دعا کی۔انہوں نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 468 مزید مریض صحتیاب ہو کر اپنی معمول کی زندگی میں واپس لوٹ آئے ہیں۔ اب تک صحتیاب ہونے والے مریضوں کی تعداد 19137 تک جا پہنچی ہے جو مجموعی مریضوں کا 48.3 فیصد ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ صوبے کے 1447 کیسز میں سے 963 کا تعلق کراچی سے ہے۔ ان میں 284 ضلع شرقی ، 237 ضلع وسطی ، ضلع جنوبی 214 ، ضلع ملیر 130 ، ضلع کورنگی 63 اور ضلع غربی کے 35 مریض شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیدرآباد میں 54 ، شہید بینظیرآباد 39 ، لاڑکانہ اور سانگھڑ میں 36۔36 ، گھوٹکی 34 ، خیرپور 33 ، جامشورو 17 ، دادو 14 ، بدین 13 ، کشمور 11 ، میرپورخاص 9 ، سکھر 8 ، مٹیاری اور نوشہروفیروز میں سے 2۔2 ، ٹنڈو الہ یار ، ٹنڈو محمد خان ، عمرکوٹ اور قمبر میں سے ایک ایک کیس رپورٹ ہوئے ہیں۔مراد علی شاہ نے صورتحال کا تجزیہ کرتے ہوئے کہا کہ نئے کیسز کی تشخیص 22 فیصد سے کم ہو کر 17 فیصد ہوگئی ہے اور اموات کا تناسب جو 1.5 فیصد کے قریب ہوتا تھا اب بڑھ کر 1.7 فیصد ہوگیا ہے جبکہ صحتیابی تناسب 50.1 فیصد سے کم ہوکر 48 فیصد ہوگیاہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ عالمی وبا میں اضافہ ہوتا جارہا ہے اور ہمیں ایک نئی طرز زندگی اپناتے ہوئے زیادہ محتاط اور حقیقت پسندانہ رویہ اختیار کرنا ہوگا کہ وائرس کے ساتھ کیسے گزارنا ہے۔ انہوں نے عوام پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ایس او پی پر عمل کریں، ماسک پہنیں اور ہجوم کے مقامات پر جانے سے گریز کریں۔
عبدالرشید چنا
میڈیا کنسلٹنٹ وزیراعلیٰ سندھ