دورہ انگلینڈ: ٹریننگ کیمپ سے متعلق حتمی فیصلہ نہ ہو سکا

دورہ انگلینڈ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے ممکنہ کھلاڑیوں کے ٹریننگ کیمپ کے حوالے سے کوئی حتمی فیصلہ نہ ہو سکا، کورونا وائرس کے بڑھنے کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو کسی نتیجے پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

‏پاکستان کرکٹ بورڈ نے مجوزہ دورہ انگلینڈ سے قبل جون کے پہلے ہفتے میں 25 سے 30 کھلاڑیوں کے ٹریننگ کیمپ کا پلان بنایا لیکن بائیو سیکور انتظامات میں کیمپ لگانے کے لیے پی سی بی تاحال کسی نتیجے پر نہیں پہنچ سکا ہے۔

کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی وجہ سے ٹیم مینجمنٹ کو فیصلہ سازی میں نہ صرف مشکلات کا سامنا ہے بلکہ ان کے لیے موجودہ صورتحال پریشان کن بھی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کی تعداد، تاریخ کے تعین اور کیمپ کی مدت کا بھی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے، موجودہ صورتحال میں بہت زیادہ کھلاڑیوں، سپورٹ اسٹاف اور دیگر لوگوں کی موجودگی میں ٹریننگ کا خطرہ مول لینے کے لیے ٹیم مینجمنٹ تیار دکھائی نہیں دے رہی۔

کھلاڑی ان دنوں انفرادی طور پر اپنی اپنی جگہوں پر ٹریننگ میں مصروف ہیں اور اس میں اب تیزی آتی جا رہی، ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیم مینجمنٹ کے پاس مختصر دورانیے کے کیمپ کا ہی آپشن باقی رہ گیا ہے جو 20 جون کے بعد ہی شروع کیا جائے گا