قوم نے دیکھا شہباز شریف روپوشی ختم کرنے کے بعد کرپشن کے جلوس کیساتھ نمودار ہوئے ‘ ترجمان پنجاب حکومت

ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ پوری قوم نے دیکھا کہ شہباز شریف روپوشی ختم کرنے کے بعد کرپشن کے جلوس کے ساتھ نمودار ہوئے ،کیا کرپشن کے جلوس میں کورونا وائرس کے لا حق ہونے کا خدشہ نہیںتھا؟،ٹائیگر فورس اپنا کام کر رہی ہے لیکن شریفوں کی حکومت میں ذاتی فوائد لینے والے ان کے حواری ان کے دفاع میں ضرور ڈھول پیٹنے کا فریضہ سر انجام دے رہے ہیں، حکومت کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے کیلئے صوبہ بھر میں لیبارٹریوں کی تعداد میں اضافہ کر رہی ہے ۔ میڈیا کے لئے جاری کئے گئے اپنے بیان میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ کرپٹ لیگ کے تمام رہنما ئوں نے ایسے مجمع لگایا جیسے شہباز شریف کوئی قلعہ فتح کرنے آ رہے ہوں حالانکہ ماضی کے نام نہاد خادم اعلیٰ کرپشن کے کیس میں عبوری ضمانت کیلئے آئے تھے ۔ پوری قوم حیران ہے کہ خود کو کینسر کا مریض ظاہر کرکے نیب میں پیش ہونے سے انکار کرنے والے شہباز شریف کرپشن کے جلوس میں تمام ایس او پیز کو پس پشت ڈالتے ہوئے نمودار ہوئے ،سوال ہے کیا کرپشن کے جلوس میں کورونا وائرس کے لا حق ہونے کا خدشہ نہیں تھا ؟،شہباز شریف نام نہاد خادم اعلی سے نادم اعلی اور روپوش اعلی کا سفر طے کر چکے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت نے کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ کی استعداد بڑھانے پر بھرپور توجہ مرکوز کر رکھی ہے اور ٹیسٹنگ کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جارہا ہے ، ہم نے ایک قوم بن کر اس وائرس کو شکست دینی ہے ، اپیل ہے کہ کورونا سے بچائو کے ایس او پیز پر عمل کیا جائے